ترنول میں 200 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور چار بی ایچ یوز کی تعمیر کے لیے پی ایس ڈی پی میں 269.978 ملین روپے مختص

اسلام آباد ۔ 17 جون (اے پی پی) وفاقی حکومت نے دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ترنول میں 200 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور چار بی ایچ یوز کی تعمیر کے لیے قومی صحت ڈویژن کے منصوبوں کے لیے آئندہ مالی سال 2020-21ء کے بجٹ کے تحت سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں269.978 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ وزارت قومی صحت کے حکام کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے ترنول کے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈھوک پراچہ میں 200 بستروں پر مشتمل ہسپتال کے پی سی ون کے لیے 65 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ سی ڈی اے اور وزارت مواصلات نے اس ہسپتال کی تعمیر کے لیے جگہ کی فراہمی کا عندیہ دیا ہے اور ہسپتال کی تعمیر کے لیے محکمہ مال نے نشاندہی کر دی ہے۔حکام کے مطابق دیہی علاقوں میں اس کے علاؤہ مزید چار بنیادی صحت کے مراکز بھی تعمیر کیئے جائیں گے جن کے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام پی ایس ڈی پی میں 204.978 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔