انقرہ ۔11نومبر (اے پی پی):ترکیہ میں فٹبال میچوں پر غیر قانونی سٹے بازی کے ایک وسیع تر اسکینڈل کے تحت آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا، جن میں ایوپسپور فٹبال کلب کے چیئرمین مراد اوزکایا بھی شامل ہیں۔شنہوا کے مطابق ترک فٹبال فیڈریشن (ٹی ایف ایف) نے اس معاملے کی تفتیش مکمل ہونے تک ایک ہزار چوبیس کھلاڑیوں کو معطل کر دیا ہے، جو مختلف پیشہ ورانہ لیگز سے تعلق …
ترکیہ میں فٹبال میچوں پر غیر قانونی سٹے بازی ،8افراد گرفتار، ایک ہزار کھلاڑی معطل
انقرہ ۔11نومبر (اے پی پی):ترکیہ میں فٹبال میچوں پر غیر قانونی سٹے بازی کے ایک وسیع تر اسکینڈل کے تحت آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا، جن میں ایوپسپور فٹبال کلب کے چیئرمین مراد اوزکایا بھی شامل ہیں۔شنہوا کے مطابق ترک فٹبال فیڈریشن (ٹی ایف ایف) نے اس معاملے کی تفتیش مکمل ہونے تک ایک ہزار چوبیس کھلاڑیوں کو معطل کر دیا ہے، جو مختلف پیشہ ورانہ لیگز سے تعلق رکھتے ہیں۔یہ گرفتاریاں استنبول سائبر کرائمز ڈویژن اور پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں عمل میں آئیں۔ سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق ملزمان میں کلب کے عہدیدار اور ریفری بھی شامل ہیں، جنہیں عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
پولیس نے انقرہ، انطالیہ، بولُو، دیاربکر، استنبول، ازمیر اور طرابزون سمیت 13 صوبوں میں بیک وقت چھاپے مارے۔ ابتدائی طور پر 21 افراد کو حراست میں لیا گیا جن کی سرگرمیوں پر خفیہ نگرانی اور تکنیکی شواہد جمع کیے گئے تھے۔ٹی ایف ایف نے پیر کو جاری بیان میں کہا کہ بیٹنگ تفتیش کے سلسلے میں 1,024 کھلاڑیوں کو عارضی طور پر پروفیشنل فٹبال ڈسپلنری کونسل کے حوالے کیا گیا ہے۔
تمام کھلاڑیوں کو تحقیقات مکمل ہونے تک معطل رکھا جائے گا۔یہ سخت اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب چند ہفتے قبل ہی فیڈریشن نے 149 ریفریوں اور اسسٹنٹ ریفریوں کو اس الزام میں معطل کر دیا تھا کہ وہ اُن میچوں پر سٹے لگا رہے تھے جن کی وہ خود نگرانی کر رہے تھے — جو فٹبال کے شفافیت و دیانت کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔









