ترکیہ میں ٹپ سے متعلق ہیرا پھیری کرنے والے ریسٹورنٹ کو 42 ہزار ڈالر جرمانہ

انقرہ۔8فروری (اے پی پی):ترکیہ میں ٹپ سے متعلق ہیرا پھیری کرنے والے ریسٹورنٹ پر 42 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ العربیہ کے مطابق ترک حکام کی جانب سے ریسٹورنٹس اور کیفے میں اضافی مالی چارجز پر پابندی کے بعد وزارت تجارت نے ان لوگوں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں جو اپنے کھانوں کی فہرست (مینیو) میں قیمتیں بڑھا کر سروس چارجز وصول کرنا چاہتے ہیں۔ …

انقرہ۔8فروری (اے پی پی):ترکیہ میں ٹپ سے متعلق ہیرا پھیری کرنے والے ریسٹورنٹ پر 42 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ العربیہ کے مطابق ترک حکام کی جانب سے ریسٹورنٹس اور کیفے میں اضافی مالی چارجز پر پابندی کے بعد وزارت تجارت نے ان لوگوں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں جو اپنے کھانوں کی فہرست (مینیو) میں قیمتیں بڑھا کر سروس چارجز وصول کرنا چاہتے ہیں۔ حال ہی میں سرکاری گزٹ میں قیمتوں کے لیبل کے ضابطے میں ترمیم کا ضابطہ شائع ہوا جسے وزارت تجارت نے تیار کیا تھا اور یہ چند روز قبل نافذ العمل ہوا ہے۔

اس ضابطے نے ریسٹورنٹس، کیفے، مٹھائی کی دکانوں اور اسی طرح کے اداروں کو صارفین سے سروس چارجز، ٹیبل چارجز یا بیٹھنے کی فیس جیسے کسی بھی نام کے تحت اضافی رقوم وصول کرنے سے روک دیا ہے تاہم بہت سے ریسٹورنٹس نے غیر قانونی طور پر اپنی قیمتیں بڑھانے کا سہارا لیا جن میں اپنے کارکنوں میں تقسیم کی جانے والی ٹپ بھی شامل ہے۔ اس معاملے نے گزشتہ دو دنوں کے دوران ترکیہ میں وسیع بحث چھیڑ دی اور وزارت تجارت کو مداخلت پر مجبور کر دیا۔ وزارت تجارت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان دعوؤں کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا کہ لازمی ٹپ اور سروس چارجز کی منسوخی کے بعد کھانے کے مینیو کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

وزارت نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ مینیو میں شامل کر کے اضافی سروس چارجز وصول کرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی شخص کے ساتھ نرمی نہیں برتے گی۔ وزارت نے متعلقہ پوسٹس پر تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وضاحت کی کہ اس تناظر میں جب متعلقہ ریسٹورنٹ سے پوچھا گیا، جس نے میز پر یا داخلی راستے پر قیمتوں کی فہرست آویزاں نہیں کی تھی، کہ کیا وہ سروس چارجز لے رہا ہے تو اس نے بتایا کہ سروس چارجز کی وصولی کی مدت ختم ہونے کے بعد ریسٹورنٹ نے اپنے ملازمین کو نقصان سے بچانے کے لیے اپنی قیمتیں 16,500 ترک لیرا تک اپ ڈیٹ کر دی ہیں۔

وہ پہلے 15,000 ترک لیرا کے ساتھ 12 فیصد سروس چارجز لے رہا تھا جس سے کل رقم 16,800 ترک لیرا بنتی تھی۔ اس نے یہ فرق اپنے ملازمین کو ادا کیا ہے۔بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ریسٹورنٹ نے سروس چارجز کو مینیو میں شامل کر لیا ہے۔ وزارت نے کہا کہ اس ریسٹورنٹ نے قیمتوں میں غیر منصفانہ اضافہ کیا ہے۔ وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی کے اعتراف کے ذریعے حاصل کردہ معلومات اور دستاویزات کی بنیاد پر معاملہ وزارت تجارت کی غیر منصفانہ قیمتوں کی تشخیص کونسل کو بھیج دیا جائے گا۔

اگر کونسل یہ فیصلہ کرتی ہے کہ یہ کارروائی قانون نمبر 6585 کے تحت آتی ہے اور قیمتوں میں غیر منصفانہ اضافے کی نمائندگی کرتی ہے تو کمپنی پر 18 لاکھ 60 ہزار سے زائد ترک لیرا کا انتظامی جرمانہ عائد کیا جائے گا جو 42 ہزار امریکی ڈالر سے زیادہ کے برابر بنتا ہے۔سرکاری بیان کے مطابق یہ بھی پتا چلا ہے کہ الکوحل والے مشروبات کی فہرست پر ترک لیرا کی علامت کا نہ ہونا قانون نمبر 6502 کے تحت قیمتیں لگانے کے ضابطے کے آرٹیکل 9، پیراگراف 4 کی خلاف ورزی ہے۔ قیمت کی تبدیلی کی تاریخ کا نہ ہونا اسی ضابطے کے آرٹیکل 5، پیراگراف 2 کی خلاف ورزی ہے۔