"گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ جیری ویزا کورئیر سروس بہت جلد باضابطہ طور پر کوئٹہ سے اپنی خدمات کا آغاز کرے گی، جو بلوچستان کے عوام کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت ہے۔”
جیری ویزا کورئیر سروس بہت جلد کوئٹہ سے اپنی خدمات کا آغاز کرنے جا رہی ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ۔ 02 اگست (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ انہیں بلوچستان کے عوام کو یہ خوشخبری دیتے ہوئے بےحد خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ جیری ویزا کورئیر سروس بہت جلد باضابطہ طور پر کوئٹہ سے اپنی خدمات کا آغاز کرنے جا رہی ہے جو ان کی خصوصی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
گورنر نے کہا کہ کوئٹہ میں جیری ویزا کورئیر سروس کا قیام بلوچستان میں عوامی سہولیات کی فراہمی، بین الاقوامی روابط کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی میں جیری ویزہ کورئیر سروس کے سربراہ اکرم ولی اور جہانداد خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اس نئی سہولت کے آغاز سے بلوچستان کے عوام کو دنیا کے 50 سے زائد ممالک، جن میں یورپ، امریکہ، ایشیا اور دیگر خطے شامل ہیں، کیلئے کورئیر اور ویزا دستاویزات کی ترسیل کی سہولت مقامی سطح پر میسر آئے گی۔ اس سے قبل کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر اضلاع کے شہریوں کو ان خدمات کے حصول کیلئے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا جس سے انہیں اضافی وقت، سفری اخراجات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ گورنر نے کہا کہ اب درخواست گزار اپنے ویزا اور دیگر متعلقہ دستاویزات کوئٹہ میں ہی جمع کرا سکیں گے جہاں سے انہیں متعلقہ سفارت خانوں اور قونصل خانوں تک محفوظ اور منظم انداز میں پہنچایا جائے گا۔ اس اقدام سے شہریوں کو نہ صرف بہتر سہولت میسر آئے گی بلکہ ان کے قیمتی وقت اور اخراجات میں بھی نمایاں بچت ہوگی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اقدام صوبے کے عوام، طلبہ، تاجروں اور بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگا اور بلوچستان کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید مربوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔









