ترکیہ پاکستان کے ساتھ تجارتی منصوبوں میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، میاں کاشف اشفاق

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ ترکیہ دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتا ہے۔ اتوار کو فاران شاہد کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتصادی بحران اور دیگر مسائل کی وجہ سے ترکیہ اپنی تاریخ کے …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ ترکیہ دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنا چاہتا ہے۔ اتوار کو فاران شاہد کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتصادی بحران اور دیگر مسائل کی وجہ سے ترکیہ اپنی تاریخ کے مشکل دور سے گزرا لیکن وہ ثابت قدم اور اپنے قدموں پر کھڑا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے دونوں طرف روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بڑھتے ہوئے مالی مسائل پر قابو پانے کے لئے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے مشترکہ روڈ میپ پیش کیا ہے۔ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے مابین مشترکہ سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فوغ دینے کیلئے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان میں ترکیہ کے سفارتی حکام کے مطابق ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ ہو چکا ہے اور آئندہ ماہ ترک پارلیمنٹ سے اس کی منظوری متوقع ہے۔

یہ معاہدہ تجارت اور اقتصادی تعلقات کو تیزی سے فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بہت کم ہے جسے باہمی تعاون سے نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے دونوں ممالک کی تاجر برادری کو قریب لانے، کاروباری دوروں، مشترکہ تجارتی نمائشوں اور دوطرفہ تجارتی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ معاشی صورتحال سے نکلنے کیلئے ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک سرمایہ کاروں کے لیے افغانستان کے راستے وسطی ایشیائی ریاستوں کو سامان برآمد کرنے کے لئے صوبہ خیبر پختونخوا موزوں ترین تجارتی راستہ ہے۔