پشاور ، بیوی کو قتل کرکے طبی موت کا ڈرامہ رچانے والا شوہر گرفتار

پشاور کے تھانہ خزانہ پولیس نے اپنی بیوی کو بے دردی سے قتل کرکے طبی موت کا ڈرامہ رچانے والا شوہر گرفتار کر لیا ۔

پشاور۔ 02 جولائی (اے پی پی):پشاور کے تھانہ خزانہ پولیس نے اپنی بیوی کو بے دردی سے قتل کرکے طبی موت کا ڈرامہ رچانے والا شوہر گرفتار کر لیا ۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق ڈی ایس پی خزانہ سرکل انعام اللہ خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ خزانہ علی ادرش مجمر نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تھانہ خزانہ کے نواحی علاقے اعراب غاڑہ میں پیش آنے والے خاتون کے قتل کا معمہ حل کر لیا۔پولیس نے کارروائی کے دوران مقتولہ کے قتل میں ملوث اس کے شوہر/ملزم عالم خان ولد طاؤس خان سکنہ مہمند حال اعراب غاڑہ کو گرفتار کر لیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی مسماۃ (ر) کا گلہ دبا کر قتل کر دیا تھا اور واقعے کو طبعی موت قرار دے کر پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ایس پی رورل ڈویژن حامد احسان وڑائچ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اصل حقائق سامنے لانے کے لیے ڈی ایس پی خزانہ سرکل انعام اللہ خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ خزانہ علی ادرش مجمر اور لیڈیز پولیس پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔خصوصی ٹیم نے جدید سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنی بیوی کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے واقعہ کو گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ قرار دیا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔