سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام نے سال 2026 کے اختیاری سمر سمسٹر امتحانات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
سندھ زرعی یونیورسٹی میں سمر سمسٹر امتحانات 16 جولائی سے شروع ہوں گے

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 02 جولائی (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام نے سال 2026 کے اختیاری سمر سمسٹر امتحانات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس، ایس اے یو سب کیمپس عمرکوٹ اور خیرپور کالج آف ایگریکلچر اینڈ مینجمنٹ سائنسز (KCAMS)، خیرپور کے طلبہ کے لیے اختیاری سمر سمسٹر امتحانات 16 جولائی سے شروع ہوں گے جس سے اہل طلبہ کو اپنی تعلیمی ضروریات مکمل کرنے اور تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔یونیورسٹی کے ناظم امتحانات کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی وی ایم کے 2K18 سے 2K24 تک کے رجسٹرڈ طلبہ اور دیگر تمام فیکلٹیز کے 2K19 سے 2K24 بیچز کے طلبہ اختیاری سمر سمسٹر امتحانات کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں۔طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے امتحانی فارم مقررہ فیس کے ساتھ 2 جولائی سے 13 جولائی 2026 تک ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز میں جمع کرائیں جبکہ 14 اور 15 جولائی کو ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ بھی فارم جمع کرائے جا سکیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اختیاری سمر سمسٹر امتحانات کا باقاعدہ آغاز 16 جولائی 2026 سے ہوگا۔ناظم امتحانات نے واضح کیا ہے کہ ایسے طلبہ کو ایڈمٹ سلپس جاری نہیں کی جائیں گی جو مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا نہیں اتریں گے یا جن کی اہلیت متعلقہ کوآرڈینیٹر یا ڈین کی جانب سے تصدیق شدہ نہیں ہوگی۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مقررہ تاریخوں کے اندر تمام امتحانی اور داخلہ جاتی کارروائیاں مکمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے اور وہ بروقت امتحانات میں شرکت یقینی بنا سکیں۔








