الحمرا، حج قرعہ اندازی تقریب، منتخب خوش نصیب ملازمین کو مبارکباد

لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیرِ اہتمام سرکاری حج اسکیم کے تحت افسران و ملازمین کیلئے حج قرعہ اندازی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیرِ اہتمام سرکاری حج اسکیم کے تحت افسران و ملازمین کیلئے حج قرعہ اندازی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل نے قرعہ اندازی کی،جس کے نتیجے میں کلرک غلام مصطفی اور سکیورٹی گارڈ غلام رسول حج کی سعادت کیلئے منتخب قرار پائے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن عمیر حسن،ڈپٹی ڈائریکٹر لائبریری اینڈ آرکائیوز محمد عارف سمیت الحمرا کے افسران و ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔الحمرا ہال میں منعقد ہونے والی اس روح پرور تقریب میں کلرک غلام مصطفی اور سکیورٹی گارڈ غلام رسول کو دلی مبارکباد پیش کی گئی اور ان کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا گیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج بیت اللہ کی سعادت اللہ تعالی کی خصوصی عنایت اور خوش نصیبی کی علامت ہے۔

انہوں نے غلام مصطفی اور غلام رسول کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی ان کے سفرِ حج کو آسان، بابرکت اور مقبول فرمائے،عبادات کو شرفِ قبولیت عطا کرے اور انہیں صحت و سلامتی کے ساتھ اس عظیم فریضے کی ادائیگی کی توفیق دے۔محمد نواز گوندل نے کہا کہ الحمرا میں اس فلاحی سلسلے کا آغاز کرنے والوں کو اللہ تعالی اس کا اجر عطا فرمائے اور جب تک یہ سلسلہ جاری رہے،اس نیکی کا ثواب بھی جاری رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ الحمرا ہمیشہ اپنے افسران و ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی ایسے فلاحی منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔انہوں نے منتخب خوش نصیب ملازمین سے اپیل کی کہ حرمین شریفین میں حاضری کے دوران پاکستان،الحمرا،ادارے کے افسران و ملازمین، ملکی امن،استحکام،تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی ملازم کے پاس ادارے کی بہتری کیلئے کوئی مثبت تجویز ہو تو ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور ہر اچھی تجویز کو خوش دلی سے سنا جائے گا۔