ترک دارالحکومت انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان مینگو فیسٹیول کا انعقاد

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں شریک مہمان دنیا کے مشہور پاکستانی آموں کے میٹھے ذائقے سے لطف اندوز ہوئے، پاکستانی آموں کے مخصوص رنگ، غیر معمولی خوشبو اور منفرد ذائقہ انہیں دنیا میں ممتاز بناتا ہے۔

منگل کو پاکستان کے سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق مینگو فیسٹیول پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر منعقدہ سرگرمیوں اور تقریبات کے سلسلہ کا ایک حصہ تھا۔ ترکی میں پاکستان کے سفیر ایم سائرس سجاد قاضی نے تقریب کے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پھلوں کا بادشاہ کہلانے والا آم تصوراتی طور پر ایک پھل ہے لیکن پاکستان کی تاریخ اور بھرپور ثقافت کا ایک لازمی حصہ ہے کیونکہ پاکستان میں قدیم زمانے سے اس کی کاشت کی جاتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں آم پیدا کرنے والاچھٹا اور چوتھا بڑا برآمد کرنے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ قسم کے آموں کی 200 سے زائد اقسام ہیں جن میں سندھڑی، انور رتول، لنگڑا، مالدہ، دوسہری، فجری اور دیگر اقسام شامل ہیں۔ مینگو فیسٹیول میں مہمانوں کو چونسہ آموں کی سب سے مشہور قسم اور آم سے بنی ہوئی آئس کریم، ملک شیک، لسی، سلاد، اچار اور پاکستان سے آئے ہوئے تازہ آموں سے بنی سویٹ ڈشز پیش کی گئیں۔

مہمانوں کو میٹھے آموں کے ساتھ ساتھ لذیذ پکوانوں بشمول اعلیٰ معیار کے پاکستانی باسمتی چاول سے بنی بریانی اور دیگر پاکستانی کھانوں سے بھی تواضع کی گئی۔ تقریب میں ترکی کے معززین، سفارتی کور کے ارکان، پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔