تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ کی رمضان المبارک میں جاری ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرنے کی اپیل

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ ، مفتیان عظام، مذہبی جماعتوں کے قائدین ، مدارس عربیہ کے ذمہ داران نے رمضان المبارک میں بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ ، امن وامان کے قیام کیلئے قومی پیغام امن کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرنے ، مساجد و امام بارگاہوں ، عبادت گاہوں کی سکیورٹی …

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ ، مفتیان عظام، مذہبی جماعتوں کے قائدین ، مدارس عربیہ کے ذمہ داران نے رمضان المبارک میں بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ ، امن وامان کے قیام کیلئے قومی پیغام امن کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرنے ، مساجد و امام بارگاہوں ، عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے ۔

علماء و مشائخ ، مفتیان عظام نے ملک بھر کی تاجر برادری سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ منافع خوری ، ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں اور روزہ داروں کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔ حکومت پنجاب اور حکومت پاکستان ہر سطح پر علماء و مشائخ ، محراب و منبر سے رابطوں کو مضبوط بنائیں گے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ سانحہ ترلائی راولپنڈی ، بلوچستان باجوڑ میں ہونے والے حملے ، فتنہ خوارج اور فتنہ ہندوستان کے کارندے کر رہے ہیں، ان کا نہ اسلام اور نہ ہی انسانیت سے کوئی تعلق ہے ۔ منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ بات وزارت داخلہ لاہور کے دفتر میں ہونے والے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہی گئی ۔

اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کی جبکہ کوآرڈینیٹر وزیراعظم پاکستان و قومی پیغام امن کمیٹی حکومت پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں علامہ محمد حسین اکبر ، مولانا اسد عبید ، مولانا اسلم صدیقی ، حافظ مقبول احمد، علامہ توقیر عباس، مفتی محمد کریم خان، علامہ آصف میر، مولانا فہیم الحسن تھانوی، مولانا نعمان حامد ، مولانا محمد خان ، مفتی شیخ عبد اللطیف ، حافظ ندیم شمس ، ڈاکٹر مفتی کریم خان ، سید واجد علی گیلانی ، حافظ کاظم رضا، مولانا اشفاق کاظمی ،اعجاز حسین مہدی ، عامر حمدانی، مفتی گل رضا ، مولانا عمیر مدنی ، مولانا فہیم حسن ، علامہ اشفاق علی چشتی، مولانا توقیر عباس ، مولانا شفقت عباس ، ہوم سیکرٹری پنجاب ، پولیس اور سلامتی کے اداروں اور دیگر اکابرین نے شرکت کی۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق کی کامیابی کے بعد ہندوستان اور اسلام دشمن متحد ہو کر پاکستان پر دہشت گرد حملے کر رہے ہیں۔ سانحہ ترلائی ، بلوچستان ، باجوڑ ، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر مقامات پر دہشت گردی کے حملے کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ ملک کے تمام مکاتب فکر دہشت گردی کے خلاف ریاست کے شانہ بشانہ ہیں۔ رمضان المبارک میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے ضلع ، تحصیل ، ڈویژن ، صوبائی اور مرکزی سطح پر آئمہ مساجد ، خطباء اور مساجد انتظامیہ کے ساتھ روابط کو مضبوط بنایا جائے گا۔

عوام الناس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مساجد انتظامیہ اور مقامی پولیس سے تعاون کریں۔ قومی پیغام امن کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق کی خطباء ، علماء ، ذرائع ابلاغ پابندی کریں۔ تاجر حضرات رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے احترام میں روزمرہ اشیاء بالخصوص روزہ افطار اور سحر کے حوالے سے استعمال ہونے والی اشیاء پر ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کریں۔