اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہاہے کہ تھنک ٹینکس اور اکیڈمیا کو پالیسی سازوں کے ساتھ جوڑنے کیلئے ایک نئی پورٹل کا آغاز کیا جا رہا ہے ،جس کی منظوری این ایس سی کے ایڈوائزری بورڈ نے دے دی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں نیشنل سکیورٹی کمیٹی(این ایس سی)کے ایڈوائزری بورڈ کی بحالی اور نظرثانی شدہ …
تھنک ٹینکس اور اکیڈمیا کو پالیسی سازوں کے ساتھ جوڑنے کیلئے نئی پورٹل کا آغاز کیا جا رہا ہے ، این ایس سی ایڈوائزری بورڈ نے منظوری دے دی ہے۔ مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہاہے کہ تھنک ٹینکس اور اکیڈمیا کو پالیسی سازوں کے ساتھ جوڑنے کیلئے ایک نئی پورٹل کا آغاز کیا جا رہا ہے ،جس کی منظوری این ایس سی کے ایڈوائزری بورڈ نے دے دی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں نیشنل سکیورٹی کمیٹی(این ایس سی)کے ایڈوائزری بورڈ کی بحالی اور نظرثانی شدہ نئے ایڈوائزری بورڈ کے منگل کے روز وزیراعظم ہاﺅس میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا۔ قومی سکیورٹی کمیٹی(این ایس سی) قومی سلامتی کے امور پر فیصلہ کرنے والی بڑی باڈی ہے۔ایڈوائزری بورڈ اہم تھنک ٹینکس پر مشتمل قومی سلامتی کمیٹی کا ذیلی ادارہ ہے جو کہ این ایس سی کو اپنی تجاویز پر غورو خوض کیلئے پیش کرتا ہے، اس بورڈ کا اجلاس 2018کے بعد منعقد نہیں ہو اتھا۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کے مشیر معید یوسف نے تھنک ٹینکس اوراکیڈمیا کو پالیسی میکرز کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے جدید پورٹل شروع کرنے کااعلان کیا۔انہو ں نے کہاکہ جدید پورٹل کے باعث ملک بھر کے تھنک ٹینکس کوایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا اورانہیں حکومتی فیصلوں اور پالیسیاں تیار کرنے کے عمل میں اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہاکہ یہ پورٹل اکیڈمیا اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا، جس کی ماضی میںکوئی مثال نہیں ملتی،انہوں نے کہا کہ یہ پورٹل بہترپالیسیاں بنانے میں حکومت کیلئے مددگار ثابت ہوگی، یہ پورٹل خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد منصوبہ ہے جو کہ موجودہ حکومت کی دیر پا پالیسیاں بنانے کے عزم کی عکاسی ہے۔ڈاکٹر معید یوسف نے اس دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز اور مسائل پرتحقیقات میں مختلف تھنک ٹینکس کے اہم کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس دوران شرکاءنے کہاکہ ملک میں 100سے زائد تھنک ٹینکس ہیں لیکن انہیں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے کوئی مناسب پلیٹ فارم فراہم نہیں کیا گیا، ڈاکٹر معید یوسف نے قومی سلامتی ڈویژن کی خواہش پر یہ پورٹل بنانے کی حامی بھری۔وزیراعظم عمران خان کے وژن پرروشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر معید یوسف نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا قومی سلامتی بارے نظریہ عوام اور غریبوں کی بہتری کیلئے ہے۔انہوں نے کہاکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کے نظریہ میں سرحدوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انسانی تحفظ، عام شہری کی فلاح وبہبود، معاشی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ شامل ہوگیا ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستان نے قومی سلامتی کے تمام پہلوﺅں پر عملدرآمد کیلئے کثیر الجہتی کوششیں کی ہیںجبکہ مغربی ممالک نے ہمیشہ سے پاکستان کی منفی تصویر پیش کی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز ہر عام پاکستانی شہری کے تحفظ کیلئے مل جل کر دن رات کام کررہے ہیں، یہ ہدف وزیراعظم عمران خان نے دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ نیشنل سکیورٹی ڈویژن وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں قومی سلامتی کی پالیسی کی جامع دستاویزات کی تیاری، معاشی سفارتی اسٹریٹجی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے پاکستان کی مقبوضہ کشمیر بارے پالیسی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے سمیت متعدد اسٹریٹجک اقدامات اٹھا رہا ہے، اجلاس میں انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد(آئی ایس ایس آئی)، انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز(آئی آر ایس)، این ڈی یو کی انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک سٹڈیز،ریسرچ وتجزیہ(آئی ایس ایس آر اے)، اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ(آئی پی آر آئی) سنٹر فار ایروسپیس اینڈ سکیورٹی سٹڈیز(سی اے ایس ایس) کے نمائندوں اور قومی سکیورٹی ڈویژن کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔








