تیانجن چوانہوئی گروپ کے 3 رکنی چینی وفد کا بی او آئی-پی ایم یو (سی پیک) کا دورہ

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):تیانجن چوانہوئی گروپ کے 3 رکنی چینی وفد نے منگل کو بی او آئی-پی ایم یو (سی پیک) کا دورہ کیا۔ یہ دورہ وزیراعظم کی سربراہی میں ستمبر 2025ء میں بیجنگ میں منعقد ہونے والی پاک-چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کے تسلسل میں کیا گیا جہاں دو طرفہ صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):تیانجن چوانہوئی گروپ کے 3 رکنی چینی وفد نے منگل کو بی او آئی-پی ایم یو (سی پیک) کا دورہ کیا۔ یہ دورہ وزیراعظم کی سربراہی میں ستمبر 2025ء میں بیجنگ میں منعقد ہونے والی پاک-چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کے تسلسل میں کیا گیا جہاں دو طرفہ صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے تھے۔ معاہدے کے نفاذ کے مرحلے کے تحت بی او آئی اور متعلقہ وزارتوں کے ساتھ ایک تعارفی اجلاس منعقد ہوا تاکہ مطلوبہ قانونی تقاضوں کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

بی او آ ئی نے وفد کو خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) میں سرمایہ کاری کے مواقع، سہولتی اقدامات اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی اور وفد کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ مضبوط بی ٹو بی روابط اور موثر سرمایہ کاری سہولت کاری یقینی بنائی جا سکے۔وفد نے پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے الیکٹرک وہیکل (ای وی) اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا اور خصوصی طور پر ایس ای زیز میں 2 اور 3 پہیوں والی ای وی اسمبلی لائن کے قیام میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

وفد نے ای وی مینوفیکچرنگ، چارجنگ انفراسٹرکچر، زرعی شعبے میں ای ویز کے استعمال، ماحول دوست نقل و حرکت کے فروغ اور کاربن اخراج میں کمی جیسے شعبوں میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔یہ رابطہ سی پیک کے صنعتی تعاون کے مرحلے میں ایک اور اہم پیش رفت ہے جو پائیدار اقتصادی ترقی کے سفر میں نئے امکانات کو تقویت دیتا ہے۔بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی قیادت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی تعاون میں وسعت اور پاکستان کی معاشی شمولیت کو اپنے عالمی شراکت داروں خصوصاً چین کے ساتھ مزید مضبوط بنانے میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔