اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کو کچھ نہیں ہونے والا، حکومت کو جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس کو مزید پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کی جانوں کو خطرہ میں ڈال …
تیرہ دسمبر کو کچھ نہیں ہونے والا، حکومت کو جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس کو مزید پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے، معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل
اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کو کچھ نہیں ہونے والا، حکومت کو جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس کو مزید پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کی جانوں کو خطرہ میں ڈال رہی ہیں، ہم عوام کو ماسک اور پانی فراہم کریں گے اور ان کو آگاہ کریں گے کہ کورونا وائرس پھیل رہا ہے اور آپ لوگ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں تاکہ عوام کو جہاں تک ہو سکے اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کی کوشش کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر کے دوران اپوزیشن کہتی تھی کہ مکمل لاک ڈاؤن ہونا چاہیے اور اب کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران جلسوں کے ذریعے وبائی مرض کو مزید پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو موجودہ صورتحال میں ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے اور اپنے جلسوں کو مؤخر کرنا چاہیے، اگر پی ٹی آئی چاہے تو اپوزیشن جماعتوں سے زیادہ بڑا جلسہ کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اپوزیشن والوں کو عوام کی صحت اور جانوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان میں اپوزیشن کے جلسوں کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے، اپنے گھروں کی تقاریب میں مہمانوں کو بھی کورونا کے ٹیسٹ کرانے کے بعد آنے کی اجازت دی جاتی ہے اور عوام کو جلسوں میں بلا کر ان کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والوں کو عوامی مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، اپوزیشن جماعتوں کو نیب قوانین میں ترامیم چاہئیں، اپوزیشن چاہتی ہے کہ ہم ان کے ساتھ مل کر نیب کو ہی ختم کر دیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں تقسیم کا شکار ہیں، مریم نواز استعفے دینے کی بات کرتی ہیں لیکن یہ لوگ استعفے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو نے مسلم لیگ (ن) کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں پوری دنیا کی معیشت نیچے گئی، پاکستان میں کورونا کے باوجود معیشت میں بہتری آئی، پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس کو پھیلا کر پاکستان کی عوام کی زندگیوں کے ساتھ ساتھ معیشت کو بھی نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشاور ہسپتال میں اگر کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ کیا گیا ہے تو اس پر کارروائی ہوگی اور جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔









