جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) نے سندھ کے دیہی علاقوں میں 20 پرائمری گرلز سکولوں کو ایلیمنٹری سکولوں میں اپ گریڈ کر کے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیئے۔یہاں جاری بیان کے مطابق یہ جاپان کی حکومت کی طرف سے 1,686 ملین جاپانی ین کی گرانٹ امداد کے تحت کیا گیا۔
جائیکا نے سندھ کے دیہی علاقوں میں 20 پرائمری گرلز سکولوں کو ایلیمنٹری سکولوں میں اپ گریڈ کر کے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) نے سندھ کے دیہی علاقوں میں 20 پرائمری گرلز سکولوں کو ایلیمنٹری سکولوں میں اپ گریڈ کر کے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیئے۔یہاں جاری بیان کے مطابق یہ جاپان کی حکومت کی طرف سے 1,686 ملین جاپانی ین کی گرانٹ امداد کے تحت کیا گیا۔
ان سکولوں کو ’’سندھ کے دیہی علاقوں میں پرائمری گرلز سکولوں کو ایلیمنٹری سکولوں میں اپ گریڈ کرنے کےپروجیکٹ‘‘ کے تحت اپ گریڈ کیا گیا۔ ان سکولوں کا باقاعدہ افتتاح گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول رادھو جوکھیو یوسی گڈاپ کراچی میں منعقدہ تقریب میں کیا گیا۔اپ گریڈ کیے گئے سکولوں میں 60 کلاس رومز شامل ہیں جو لڑکیوں کے لیے زیادہ محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرتے ہیں۔ اس پروجیکٹ کے ذریعے تقریباً 2,400 لڑکیاں سالانہ مستفید ہوں گی جنہیں اپنے مقامی علاقوں میں تعلیم جاری رکھنے کا موقع ملے گا۔

افتتاحی تقریب میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی، سندھ کے وزیر تعلیم و خواندگی سید سردار علی شاہ، سندھ حکومت کے سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے اور جائیکا پاکستان آفس کے چیف ریپریزنٹیٹو شینوزاکی یوسوکے کے علاوہ اساتذہ، طلبہ، والدین، پروجیکٹ کے ساتھیوں اور دیگر متعلقہ فریقین نے شرکت کی۔تقریب میں سفیر اکاماتسو نے پاکستان کے تعلیمی شعبے، خصوصاً محروم علاقوں میں لڑکیوں کے لیے مواقع فراہم کرنے کی حمایت میں جاپان کے عزم کا اعادہ کیا۔سفیر اکاماتسو نے امید ظاہر کی کہ بہتر تعلیمی سہولیات لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے کی طرف زیادہ سے زیادہ راغب کریں گی اور وہ اپنی برادریوں میں مثبت کردار ادا کریں گی۔
جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) پاکستان آفس کے چیف ریپریزنٹیٹو شینوزاکی یوسوکے نے سندھ حکومت، پروجیکٹ کے ساتھیوں، مقامی برادری اور تمام فریقین کے درمیان مضبوط تعاون کو سراہا جس کی بدولت یہ منصوبہ کامیابی سے مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اپ گریڈ کیے گئے سکول طالبات کو بہتر سہولیات اور سیکھنے و نشوونما کے لیے موزوں ماحول فراہم کریں گے۔جاپان اور جائیکا پاکستان کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور تعلیم کے ذریعے جامع اور پائیدار ترقی کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں۔








