خیرپور ،کھجور کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئےجائیں گے،گورنر سندھ

مسلم لیگ (ن) ضلع خیرپور کے جنرل سیکریٹری سعید احمد بلیدی نے گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے ملاقات کی اور انہیں خیرپور کے شہریوں اور بالخصوص کھجور کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا

خیرپور ۔ 23 جولائی (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) ضلع خیرپور کے جنرل سیکریٹری سعید احمد بلیدی نے گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے ملاقات کی اور انہیں خیرپور کے شہریوں اور بالخصوص کھجور کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران سعید احمد بلیدی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ایکسپورٹ متاثر ہونے اور بھارت و متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب برآمدی راستے محدود ہونے کے باعث خیرپور کے کھجور کے کاشتکار شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے باعث منڈیوں میں کھارک اور چھوہارا مناسب مقدار میں خریدا نہیں جا رہا، جس سے آبادگاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

سعید احمد بلیدی نے تجویز پیش کی کہ وفاقی حکومت خیرپور میں کھجور فیسٹیول کا انعقاد کرے اور وزارت تجارت و ایکسپورٹ پروموشن بیورو ہنگامی بنیادوں پر کھجور اور چھوہارا کی برآمدات کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ کاشتکاروں کو معاشی نقصان سے بچایا جا سکے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت خیرپور میں کھجور فیسٹیول کے انعقاد کے لیے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کھجور کے کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے متعلقہ وفاقی وزارت، ایکسپورٹ پروموشن بیورو، صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کھجور منڈیوں میں دلالوں کی جانب سے کاشتکاروں کے استحصال کی روک تھام اور انہیں ان کی پیداوار کا مناسب معاوضہ دلانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی آبادگار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ ملاقات کے موقع پر گورنر سندھ کے پرسنل اسٹاف آفیسر خرم عباس بھٹی، اعجاز میرانی اور معشوق علی لاڑک بھی موجود تھے۔