فیصل آباد۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی اور جامعہ زرعیہ کے درمیان براہ راست رابطوں کیلئے اس سال دسمبر کے وسط میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی جس کا مقصد سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو اس مادر علمی میں تیار ہونے والی نئی ایجادات، اختراعات اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی ترغیب دینا ہے ۔ یہ بات جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی …
جامعہ زرعیہ فیصل آباد کا بزنس کمیونٹی سے رابطوں کیلئے دسمبر خصوصی تقریب منعقد کرنے کا اعلان

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی اور جامعہ زرعیہ کے درمیان براہ راست رابطوں کیلئے اس سال دسمبر کے وسط میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی جس کا مقصد سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو اس مادر علمی میں تیار ہونے والی نئی ایجادات، اختراعات اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی ترغیب دینا ہے ۔ یہ بات جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے دوران صدر فاروق یوسف شیخ سے ملاقات میں کہی ۔ انہوں نے فاروق یوسف شیخ کو چیمبر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملکی ترقی کیلئے انڈسٹری اکیڈیمیا کے درمیان رابطوں کو مستحکم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعات کی لیبارٹریز میں ہونے والی تحقیق کے عملی اطلاق سے ہی اس کی افادیت کا تعین کیا جا سکتا ہے اور یہ ذمہ داری صنعتکاروں کی ہے جو جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ اس کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے صدر چیمبر کی اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ دونوں ادارے غیر ملکی مہمانوں اور اعلیٰ سطحی وفود کی آمد پر ایک دوسرے کو مدعو کریں گے تاکہ ان ملاقاتوں کو مزید نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔ صدر فاروق یوسف شیخ نے وائس چانسلر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کا بنیادی مقصد ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
صدر چیمبر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے جبکہ حکومت بھی اس سلسلہ میں ہر ممکن سہولتیں دے رہی ہے مگر اِس کے باوجود برآمدات میں تنزلی کی وجہ حقیقی سٹیک ہولڈرز میں رابطوں کا فقدان، مارکیٹ کا مکمل ادراک نہ ہونا اور نوجوان نسل کی فکر میں قومی اوراجتماعی مفادات کو نظر انداز کرنا اور افرادی قوت میں عصر حاضر کی جدید مہارتوں کی کمی شامل ہے۔
انہوں نے انڈسٹری اکیڈیمیا رابطوں کو بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ ملک کی اجتماعی ترقی کیلئے وہ ہر شخص اورادارے کے پاس جانے کیلئے تیار ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی ساٹھ فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے پالیسی سازی سے لیکر ان کو باعزت روزگار مہیا کرنے تک حکومت اور نجی شعبہ کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔
فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ وہ اداروں سے برابری کی بنیاد پر تعلقا ت کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ جامعہ زرعیہ کے طلبہ کو عملی تربیت مہیا کرنے کیلئے صنعتوں میں انٹر ن شپ کیلئے پلیسمنٹ میں بھی مدد دی جا سکتی ہے۔ آخر میں صدر فاروق یوسف شیخ نے جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کو چیمبر کی 50سالہ سالگرہ کی خصوصی کالرپن لگائی۔ شیلڈ دی اور تحائف بھی پیش کئے۔








