ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر زہیب حیات نے گرڈ اسٹیشن پٹن کے توسیعی منصوبہ کی تکمیل پر اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان لوئر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوہستان لوئر، پٹن اصلاحی کمیٹی کے معزز اراکین، علاقائی عمائدین اور جید علماء کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی
ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر زہیب حیات نے گرڈ اسٹیشن پٹن کے توسیعی منصوبہ کا افتتاح کر دیا

مزید خبریں
کوہستان لوئر۔ 10 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر زہیب حیات نے گرڈ اسٹیشن پٹن کے توسیعی منصوبہ کی تکمیل پر اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان لوئر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوہستان لوئر، پٹن اصلاحی کمیٹی کے معزز اراکین، علاقائی عمائدین اور جید علماء کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منصوبہ کی تکمیل سے کوہستان لوئر اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، لوڈشیڈنگ میں واضح کمی واقع ہوگی اور عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ اس پیش رفت سے نہ صرف مقامی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ عوامی معیارِ زندگی میں بھی نمایاں بہتری متوقع ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ محض ایک بنیادی ڈھانچے کی بہتری نہیں بلکہ کوہستان کی ترقی کی سمت ایک اہم اور تاریخی پیش رفت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوہستان لوئر کے عوام کی صبر و استقامت، تعاون اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل اشتراک اس منصوبے کی کامیابی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ عوام کی بھرپور شمولیت اور حمایت کے بغیر اس نوعیت کے بڑے منصوبے کی تکمیل ممکن نہ تھی۔تقریب کے اختتام پر علاقائی عمائدین اور پٹن اصلاحی کمیٹی کے اراکین نے منصوبہ کی کامیابی پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علاقے کی ترقی، خوشحالی اور بہتری کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔








