جاپانی شہنشاہ کی تخت نشینی کے موقع پر یادگاری سکّوں کا اجرائ

ٹوکیو۔ 11مئی(اے پی پی)جاپانی حکومت شہنشاہ ناروہیتو کی تخت نشینی کی خوشی میں یادگاری سکّے جاری کرے گی۔ حکومت دو طرح کے سکّے جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک سکہ خالص سونے سے بنا ہوگا اور اس کی ظاہری مالیت 10 ہزار ین ہوگی۔ دوسرا سکّہ تانبے کے مرکب سے بنا ہو گا اور اس کی ظاہری مالیت 500 ین ہو گی۔ سونے کے …

ٹوکیو۔ 11مئی(اے پی پی)جاپانی حکومت شہنشاہ ناروہیتو کی تخت نشینی کی خوشی میں یادگاری سکّے جاری کرے گی۔ حکومت دو طرح کے سکّے جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک سکہ خالص سونے سے بنا ہوگا اور اس کی ظاہری مالیت 10 ہزار ین ہوگی۔ دوسرا سکّہ تانبے کے مرکب سے بنا ہو گا اور اس کی ظاہری مالیت 500 ین ہو گی۔ سونے کے 50 ہزار اور تانبے کے 50 لاکھ سکے جاری کیے جائیں گے۔ سونے سے بنے ہوئے سکّے کی ایک جانب ایک فینکس بنا ہوا ہے جس نے اپنے پر پھیلا رکھے ہیں اور دوسری جانب گل داﺅدی کا شاہی نشان بنا ہوا ہے۔ تانبے کے سکّے کی ایک جانب شہنشاہ کا ایک خصوصی تخت بنا ہوا ہے جسے تاکامیکورا کہا جاتا ہے۔ یہ تخت شہنشاہ کی تخت نشینی کے اعلان کی ایک تقریب میں استعمال کیا جاتا ہے۔ سکّے کی دوسری جانب گل داﺅدی کا ایک شاہی نشان بنا ہوا ہے۔جاپان مِنٹ سونے کے 20 ہزار سکّے الگ سے اور 30 ہزار سکّے سیٹ کی صورت میں فروخت کرے گا جس میں ایک سکّہ سونے کا اور ایک تانبے کے مرکب کا ہوگا۔ یہ سکّے صرف بذریعہ ڈاک فروخت کیے جائیں گے۔ سونے کا ہر سکّہ تقریباً 1 لاکھ 40 ہزار ین یا تقریباً 1300 ڈالر میں فروخت کیا جائے گا۔ محکمہ 11 جولائی سے تقریباً 3 ہفتوں کے لیے خریداری کی درخواستیں وصول کرے گا۔

Leave a Reply