جاپان ، ٹوکیو میں ٹرک اور کار میں تصادم کے باعث 3 افراد ہلاک

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے قریب چیبا پریفیکچر میں منگل کی صبح ٹرک اور مسافر کار کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ کار میں آگ لگ گئی

ٹوکیو۔29ستمبر (اے پی پی):جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے قریب چیبا پریفیکچر میں منگل کی صبح ٹرک اور مسافر کار کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ کار میں آگ لگ گئی۔جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق چیبا شہر کے ایک چوراہے پر صبح 4 بجے کے کچھ دیر بعد راہ گیر نے ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی کہ ٹرک اور مسافر کار میں آگ لگی ہوئی ہے۔فائر فائٹرز کے موقع پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ ٹرک اور مسافر کار میں تصادم ہوا تھا اور کار میں آگ لگی ہوئی تھی۔ حکام کے مطابق آگ تقریباً ایک گھنٹے بعد بجھا دی گئی، تاہم مسافر کار میں موجود 3 افراد کو مردہ قرار دیا گیا۔پولیس کے مطابق 57 سالہ ٹرک ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ مسافر کار چلانے والا 19 سالہ نوجوان بھی زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق نوجوان حادثے کے بعد ہوش میں تھا۔حکام نے حادثے کی وجوہات اور حالات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔