جاپان کے سفیر کونینوری متسودا کی وفاقی وزیر آئی ٹی سیّد امین الحق سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو

اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) جاپان کے سفیر کونینوری متسودا نے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیّد امین الحق سے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر آئی ٹی نے جاپان کے سفیر کو اپنے دفتر آمد پر خوش آمدید کہا اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر پر گفتگو ہوئی۔ دونوں اطراف نے آئی …

اسلام آباد ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) جاپان کے سفیر کونینوری متسودا نے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیّد امین الحق سے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر آئی ٹی نے جاپان کے سفیر کو اپنے دفتر آمد پر خوش آمدید کہا اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر پر گفتگو ہوئی۔ دونوں اطراف نے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا پاکستان اور جاپان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان جاپان کے ساتھ تمام شعبوں بالخصوص آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا وزارت آئی ٹی شہروں اور دیہاتوں کے درمیان ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمہ کے لئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان ہر سال بیس ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس تیار کرتا ہے، جاپان اور پاکستان کے درمیان آئی ٹی پروفیشنلز کا تبادلہ بڑا خوش آئند ہو گا۔ اس موقع پر جاپان کے سفیر نے کہا جاپان اور پاکستان کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان بالخصوص کراچی میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مالی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔جاپان کراچی کی بحالی میں تعاون کرے گا۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی قابل تحسین ہے، مشترکہ آئی ٹی منصوبوں پر خوشی ہو گی۔ اس موقع پر وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔