سعودی عرب کے شہر جدہ میں مقامی لوگوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے گرینڈ پارکس کا رخ کر لیا۔ اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق موسم گرما میں یہ پارک تفریحی اور سماجی مقامات میں تبدیل ہو گئے ہیں
جدہ میں بنائے گئے گرینڈ پارکس میں لوگوں اور سیاحوں کی دلچسپی،تفریحی و سماجی مقامات میں تبدیل

مزید خبریں
جدہ۔8جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کے شہر جدہ میں مقامی لوگوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے گرینڈ پارکس کا رخ کر لیا۔ اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق موسم گرما میں یہ پارک تفریحی اور سماجی مقامات میں تبدیل ہو گئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ان پارکوں میں وسیع سرسبز مقامات اور مربوط تفریحی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ یہ پارک نہ صرف تفریح کے لیے بہترین ذریعہ ہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافے کا باعث ہیں۔ جدہ شہر کے پارکوں میں ’پرنس ماجد پارک‘ ممتاز مقام کا حامل ہے، یہ پارک الربوہ کے علاقے میں واقع ہے، اس کا مجموعی رقبہ ایک لاکھ 30 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہے۔پارک میں وسیع علاقے پر سبزہ زار وہاں آنے والوں کو سکون اور تازگی کا احساس فراہم کرتا ہے۔اس پارک میں بچوں کے لیے پلے ایریا اور واکنگ ٹریکس بھی بنائے گئے ہیں۔دوسرا بڑا پارک ’حدائق السجی‘ ہے، یہ 60 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے، یہاں واک ویز، سائیکلنگ کے لیے مخصوص راستے، بچوں کے لیے جھولے اور سرسبز مقامات اس کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث ہیں۔شہر کے مشرقی حصے میں ’الاجواد پارک‘ کا شمار بھی بڑے پارکوں میں ہوتا ہے، یہ 70 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے، اس میں ایک کلومیٹر طویل واکنگ اور سائیکلنگ ٹریک بنائے گئے ہیں جبکہ بچوں کے لیے پلے ایریا کا بھی خصوصی اہتمام موجود ہے۔موسمِ گرما کے دوران ان پارکوں میں مقامی شہری اور مقیم غیرملکیوں کے علاوہ دیگر شہروں سے آنے والے وزیٹرز بھی یہاں کا رخ کرتے ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں موجود پارک علاقے کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔







