جرمنی اور فرانس کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

جرمن چانسلر فریڈرش مرز اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

برلن ۔18جولائی (اے پی پی):جرمن چانسلر فریڈرش مرز اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔شنہوا کے مطابق یہ اعلان جرمنی کی ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں دو روزہ دوطرفہ ملاقاتوں کے اختتام پر کیا گیا۔جرمن چانسلر فریڈرش مرز نے کہا کہ جرمنی اور فرانس جوہری دفاعی حکمت عملی کے حوالے سے مشترکہ تعاون کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جرمنی رواں سال پہلی بار فرانسیسی مسلح افواج کی جانب سے منعقد کی جانے والی جوہری مشق میں روایتی فوجی دستے شریک کرے گا۔مرز کے مطابق یہ تعاون نیٹو کے جوہری شراکت داری کے نظام میں جرمنی کی موجودہ ذمہ داریوں کا تکملہ ہوگا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یوکرین کی حمایت کرنے والے ممالک کے اتحاد "کولیشن آف دی ولنگ” کی فوجی مشقیں آئندہ موسمِ خزاں میں فرانس کی میزبانی میں منعقد ہوں گی، جن میں جرمنی بھی شرکت کرے گا۔ دونوں ممالک مشترکہ طور پر جرمنی کی شرکت کی نوعیت کا تعین کریں گے۔اس موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ جرمنی اور فرانس کے باہمی تعاون کے بغیر یورپ ترقی کی راہ پر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرانس اپنی جوہری دفاعی صلاحیت کے تمام اخراجات بدستور خود برداشت کرے گا اور اس پروگرام کی مالی ذمہ داری مکمل طور پر فرانس ہی کے پاس رہے گی۔