یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام ٫مصنوعی ذہانت اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز ، کے موضوع پر ایک معلوماتی اوپن ہاؤس سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، سابق گریجویٹس، اساتذہ، مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے ممکنہ طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی
یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں مصنوعی ذہانت،مستقبل کی ٹیکنالوجیز پر اوپن ہاؤس سیشن کا انعقاد

مزید خبریں
سیالکوٹ،18 جولائی (اے پی پی):یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام ٫مصنوعی ذہانت اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز ، کے موضوع پر ایک معلوماتی اوپن ہاؤس سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، سابق گریجویٹس، اساتذہ، مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے ممکنہ طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیشن کا مقصد شرکاء کو مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجیز اور مستقبل میں ان کے بڑھتے ہوئے کردار سے آگاہ کرنا تھا۔تقریب میں سابق طلبہ نے اپنے پیشہ ورانہ تجربات اور کامیابیوں کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی آف سیالکوٹ کو معیاری تعلیم، جدید لیبارٹریوں اور عملی مہارتوں کی فراہمی کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔ اس موقع پر جامعات اور صنعت سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے ایک جامع پینل ڈسکشن میں مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے وابستہ مواقع، چیلنجز اور ان کے ذمہ دارانہ استعمال پر تفصیلی گفتگو کی۔اوپن ہاؤس سیشن کی نظامت شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سربراہ ڈاکٹر محمد عظیم نے کی، جبکہ طلبہ نے ٹیکنالوجی کے حوالے سے مختلف نسلوں کے نقطہ نظر پر مبنی ایک دلچسپ اسٹیج اسکیٹ بھی پیش کی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ اس موقع پر شرکاء نے اس نوعیت کے علمی و تربیتی پروگراموں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اس کاوش کو مستقبل کے ٹیکنالوجی ماہرین کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔








