جرمنی کا شام کے لئے 5 کروڑ یورو امداد کا اعلان

ریاض۔13جنوری (اے پی پی):جرمنی نے شام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 5کروڑ یورو امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک نے گزشتہ روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شام کے حوالے سے ہونے والے وزارتی اجلاس کے موقع پر پریس بریفنگ میں کیا ۔ اردو نیوز کے مطابق جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ شامی عوام کو اب اقتدار …

ریاض۔13جنوری (اے پی پی):جرمنی نے شام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 5کروڑ یورو امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک نے گزشتہ روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شام کے حوالے سے ہونے والے وزارتی اجلاس کے موقع پر پریس بریفنگ میں کیا ۔

اردو نیوز کے مطابق جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ شامی عوام کو اب اقتدار کی منتقلی سے فوری فائدہ پہنچنا چاہیے اور ہم شام میں ان لوگوں کی مدد جاری رکھیں گے جو برسہا برس کی خانہ جنگی کے باعث کسمپرسی کی حالت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوراک، شیلٹرز اور طبی امداد کے طور پر مزید 5کروڑ یورو فراہم کریں گے کیونکہ ہمیں معلوم ہے گزشتہ سال کے دوران لاکھوں شامی پناہ گزین خاندان متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ نقل مکانی خواتین اور بچوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ عمل تھا اور انہیں خوراک اور مناسب علاج کے لئے مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم شامی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے تاکہ شام میں پُرامن انتقال اقتدار ممکن ہو سکے۔ جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ امداد نہ صرف شام کے اندر لوگوں کی مدد کے لئے ضروری ہے بلکہ جرمنی اور پورے یورپ میں سلامتی کے لئے بھی ایک اہم عمل ہے۔ انہوں نےسعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شام کو درپیش بے شمار حل طلب مسائل پر مشترکہ طور پر تبادلہ خیال کے لئےسعودی عرب نے عرب خطے اور یورپی ممالک کو پلیٹ فارم مہیا کیا جو ایک احسن اقدام ہے۔

مزید خبریں