ورلڈ بریسٹ فیڈنگ منتھ کے حوالے سے بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ محکمہ صحت کے زیرِ اہتمام اور یونیسیف کے تعاون سے آگاہی سیمینار کا انعقاد

ورلڈ بریسٹ فیڈنگ منتھ کے حوالے سے بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ محکمہ صحت کے زیرِ اہتمام اور یونیسیف کے تعاون سے سرکٹ ہاؤس سیوی میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر حاجی بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قادر ہارون

کوئٹہ۔ 27 اگست (اے پی پی):ورلڈ بریسٹ فیڈنگ منتھ کے حوالے سے بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ محکمہ صحت کے زیرِ اہتمام اور یونیسیف کے تعاون سے سرکٹ ہاؤس سیوی میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر حاجی بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قادر ہارون، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو سمیت مختلف ذیلی محکموں کے افسران، نمائندگان اور کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد ماں اور بچے کی صحت، غذائیت اور خصوصاً نومولود بچوں کے لیے ماں کے دودھ کی اہمیت کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کے لیے قدرتی، مکمل اور بہترین غذا ہے، جو بچے کی نشوونما، قوتِ مدافعت اور صحت مند مستقبل کے لیے بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے ماؤں پر زور دیا کہ بچے کی پیدائش کے بعد ابتدائی اوقات میں ماں کا دودھ پلانے اور پہلے چھ ماہ تک صرف ماں کا دودھ دینے کی اہمیت کو سمجھا جائے۔

مقررین نے کہا کہ بچوں میں غذائی کمی کا مسئلہ صرف صحت کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ترقی سے جڑا ہوا مسئلہ ہے، جس کے تدارک کے لیے محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ، والدین، مذہبی رہنماؤں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ بچوں میں غذائی کمی پر قابو پانے کے لیے ماں اور بچے کی مناسب غذائیت، بروقت طبی سہولیات، صاف پانی، صفائی ستھرائی اور والدین میں آگاہی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے آگاہی پروگرامز کے ذریعے معاشرے میں ماں کے دودھ کی اہمیت اور بچوں کی بہتر غذائیت کا پیغام زیادہ سے زیادہ خاندانوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر شرکاء کو ورلڈ بریسٹ فیڈنگ منتھ کی اہمیت، ماں اور بچے کی صحت اور غذائی ضروریات کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی جبکہ خواتین نے بھی پروگرام میں بھرپور شرکت کی۔

 

مزید خبریں