جمعہ 8مئی 2020سے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت کیٹگری3 کے مستحق افراد میں رقوم کی تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے‘ ڈاکٹر ثانیہ نشتر

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی عالمی بینک کی اعلی سطحی وزارتی گول میز کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی عالمی بینک کی اعلی سطحی وزارتی گول میز کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اے پی پی) گزشتہ جمعہ 8مئی 2020سے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت کیٹگری3 کے مستحق افراد میں رقوم کی تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے ذریعے نشاندہی کئے گئے کیٹگری3 کے163,419 مستحقین میں اب تک 1.961ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں جبکہ کیٹگری 2کے مستحق افراد جن کا اندارج 8171ایس ایم ایس سروس کے تحت کیا گیا تھا انہیں رقوم کی ادائیگی جاری ہے۔ اب تک کیٹگری 2کے 2.945ملین مستحقین میں 35.347ارب روپے کی امدادی رقوم تقسیم کی جاچکی ہے اور مزید ادائیگیاں ابھی جاری ہیں۔ کیٹگری 2کے وصول کنندگان نے 8171ایس ایم ایس سروس کے ذریعہ درخواست دی تھی جس کی آخری تاریخ 19اپریل 2020تھی اور ان کی اہلیت کا اندازہ قومی سماجی و معاشی رجسٹری 2010اور 2020کے ذریعے لگایا جارہا ہے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وتخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاہے کہ احساس ایمرجنسی کیش مزدور طبقے کی قوت خرید میں اضافہ کررہا ہے تاکہ وہ راشن خرید سکیں اور اپنی ضروریات کو پورا کرسکیں۔ امید واروں کو رقوم کی تقسیم سے متعلق حتمی پیغامات کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تمام امیدوار جو کیٹگری 2اور 3میں آتے ہیں انہیں رواں ہفتے کے اختتام تک 8171ایس ایم ایس سروس کے ذریعے امدادی رقم کی ادائیگی یا انکی درخواست مسترد کئے جانے کا پیغام موصول ہوجائے گا۔کیٹگری 1جس میں کفالت کی مستحقین شامل ہیں ان میں رقوم کی ادائیگی تقریبا مکمل ہوچکی ہے، 4.403ملین مستحقین میں 54.303ارب روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔مجموعی طورپر، اب تک احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی کیٹگری 1، 2اور 3کے 7.512ملین مستحق گھرانوں میں 12,000روپے فی گھرانہ کے حساب سے تقریبا 91.611ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت یہ رقم دیہاڑی داروں اور مزدورں میں تقسیم ہوئی ہے۔ لمبی قطاروں اور ہجوم سے بچنے کیلئے احساس نے ملک بھر میں 10,000سے زائد ادائیگیوں کے مراکز قائم کئے ہیں جن کا مقصد12ملین مستحق خاندانوں میں 144ارب روپے کو محفوظ اور مکمل طور پر بائیومیٹرک طریقے سے تقسیم کرنا ہے۔احساس آن لائن پورٹل پردستیاب اعدادوشمار کے مطابق،اب تک خیبر پختونخواہ میں 1.393مستحقین میں 17.229ارب روپے؛پنجاب میں 3.161ملین مستحقین میں 38.498ارب روپے اور سندھ میں 2.401ملین مستحقین میں 29.025ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔اب تک آزاد جموں کشمیر میں 126,414مستحقین میں 1.578ارب روپے؛ بلوچستان میں 349,517مستحقین میں 4.277ارب روپے؛ گلگت بلتستان میں 50,834مستحقین میں 0.649ارب روپے اور اسلام آبادمیں 29,058مستحقین میں 0.353ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔