سردار ایاز صادق کی وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور حکومتی و اپوزیشن ارکان سے ملاقات

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بدھ کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، ارکان صوبائی کابینہ سمیت حکومتی و اپوزیشن اراکین سے ملاقات کی۔

کوئٹہ۔ 02 ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بدھ کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، ارکان صوبائی کابینہ سمیت حکومتی و اپوزیشن اراکین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، بلوچستان کی ترقی، عوامی مسائل اور صوبے میں جمہوری و پارلیمانی روایات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کوئٹہ آمدپر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بلوچستان آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سب کا گھر ہے اور صوبے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جمہوری روایات، باہمی احترام اور سیاسی برداشت کی روایت قائم ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر تنقید ضرور کرتے ہیں تاہم اخلاقی اقدار، شائستگی اور عزت و احترام کی مضبوط روایات موجود ہیں۔ اختلاف رائے جمہوریت کا بنیادی حسن ہے اور اپوزیشن کا حکومت پر تنقید کرنا اس کا جمہوری حق ہے تاہم سیاسی اختلافات کو باہمی احترام کے دائرے میں رکھنا بلوچستان کی مثبت سیاسی روایت کا حصہ ہے ۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن اراکین کا ایک ساتھ بیٹھنا بلوچستان کے مثبت سیاسی کلچر اور جمہوری پختگی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کا باہمی احترام اور مل بیٹھ کر بات چیت کرنا بلوچستان کے بارے میں یہاں آنے والے مہمانوں کو ایک مثبت پیغام دیتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان میں برداشت، رواداری اور باہمی احترام کی یہ روایت مستقبل میں بھی مضبوط ہوتی رہے گی ۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلق اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے ان کا تعلق صرف سیاسی نہیں بلکہ جذباتی اور خاندانی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے ان کے خاندان کی تین نسلوں کا تعلق ہے اور اس صوبے کے ساتھ محبت نسل در نسل چلی آ رہی ہے ۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان ان کے لیے اجنبی نہیں، یہاں کے لوگوں سے ان کا دیرینہ اور گہرا تعلق ہے، بلوچستان آکر ہمیشہ اپنائیت اور محبت کا احساس ہوتا ہے اور یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ عزت، محبت اور خلوص سے نوازا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی مٹی، یہاں کے لوگ اور روایات ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں اور وہ بلوچستان کے عوام کی محبت اور خلوص کے ہمیشہ معترف رہے ہیں ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان کے تمام اراکین اور صوبے کے ہر فرد کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کے لیے قومی اسمبلی کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم ترین صوبہ ہے اور بلوچستان کی ترقی درحقیقت پورے پاکستان کی ترقی ہے۔ وفاق بلوچستان کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا ۔

سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے عوام کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کی محبت اور مہمان نوازی اپنی مثال آپ ہے۔ بلوچستان کے دورے پر آکر انہیں ہمیشہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ اپنے لوگوں اور اپنے گھر میں آئے ہیں ۔ملاقات کے دوران وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اورسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس امر پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے سیاسی قیادت کے درمیان باہمی احترام، مشاورت اور تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

مزید خبریں