جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم نے 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی کی حمایت کردی

پراگ۔9فروری (اے پی پی):یورپی ملک جمہوریہ چیک کے وزیراعظم اندریج بابس نے 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی کی حمایت کردی۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ایک وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ 15 سال سے کم عمر بچوں کے ہاتھوں میں سوشل میڈیا دینے پر پابندی لگانے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ مجھے علم …

پراگ۔9فروری (اے پی پی):یورپی ملک جمہوریہ چیک کے وزیراعظم اندریج بابس نے 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی کی حمایت کردی۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ایک وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ 15 سال سے کم عمر بچوں کے ہاتھوں میں سوشل میڈیا دینے پر پابندی لگانے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ مجھے علم ہے کہ سوشل میڈیا بچوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے اس لیے ہمیں اپنے بچوں کو اس سے بچانا ہوگا۔

بعد ازاں نائب وزیر اعظم اول کارل ہیولک نے ٹی وی کو بتایا ہے کہ کابینہ اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور یہ رائے بن رہی ہے کہ بچوں کو سوشل میڈیا کے برے اثرات سے بچانے کے لیے استعمال کو 15 سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے ممنوع قرار دے دیا جائے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اسی سال اس سلسلے میں قانون سازی کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ سپین اور یونان نے گزشتہ ہفتے ہی بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی کو ممنوع قرار دیا ہے۔ جو ممالک اب تک بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں ان میں سپین، یونان ، برطانیہ اور فرانس شامل ہیں۔ ان سب نے سوشل میڈیا کے اثرات کے خلاف سخت موقف اپنایا ہے۔ آسٹریلیا نے بھی گزشتہ سال دسمبر میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کی تھی ۔