راولپنڈی۔23اکتوبر (اے پی پی):جنوبی افریقا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پاکستان کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی، بابر اعظم نے نصف سنچری سکور کی، سائمن ہارمر نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہمان ٹیم نے 68 رنز کا ہدف بآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر …
جنوبی افریقانے پاکستان کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی

مزید خبریں
راولپنڈی۔23اکتوبر (اے پی پی):جنوبی افریقا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پاکستان کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی، بابر اعظم نے نصف سنچری سکور کی، سائمن ہارمر نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہمان ٹیم نے 68 رنز کا ہدف بآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایڈن مارکرم نے 42 اور رائن ریکلٹن نے ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔ کیشو مہاراج کو میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں اور 30 قیمتی رنز بنانے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔
سینوران متھوسیمی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کے چوتھے روز پاکستان نے 94 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو بابر اعظم 49 اور محمد رضوان 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
بابر اعظم اپنے گزشتہ روز کے سکور میں صرف ایک رن کے اضافے کے بعد سائمن ہارمر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ محمد رضوان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 18 رنز بنا کر سائمن ہارمر کی گیند پر ٹونی ڈی زورزی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ نعمان علی ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے ہارمر کا شکار بنے جبکہ شاہین شاہ آفریدی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
سلمان آغا نے 28 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی لیکن کیشو مہاراج کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ ساجد خان 13 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے، یوں پوری پاکستانی ٹیم 138 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے سپنر سائمن ہارمر نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیشو مہاراج نے 2 اور کاگیسو ربادا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری حاصل ہونے کے باعث جنوبی افریقا کو جیت کے لیے صرف 68 رنز درکار تھے۔ مہمان ٹیم نے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔ اوپنر ایڈن مارکرم 42 رنز بنا کر نعمان علی کا شکار بنے جبکہ رائن ریکلٹن نے ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔ ٹرسٹن سٹبز کو نعمان علی نے صفر پر آؤٹ کیا۔
کیشو مہاراج کو میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں اور دوسری اننگز میں 30 رنز کی مفید اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے پاکستان کی پہلی اننگز کے 333 رنز کے جواب میں 404 رنز بنائے تھے۔








