بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای )ملتان نے سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) سالانہ امتحان 2026ء کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا
ملتان بورڈ میٹرک امتحان 2026: دنیاپورکی طالبات کا شانداراعزاز، پہلی اوردوسری پوزیشن اپنے نام کر لیں

مزید خبریں
ملتان۔ 05 اگست (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای )ملتان نے سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) سالانہ امتحان 2026ء کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا۔ نتائج کے مطابق ضلع لودھراں کی تحصیل دنیاپورکی طالبات نےغیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرکےعلاقے کا نام روشن کر دیا۔اعلامیے کے مطابق ابنِ سینا گرلز ہائر سیکنڈری سکول، ریلوے روڈ دنیاپورکی طالبہ مہرین رسول نے 1190 نمبر حاصل کرکے پورے ملتان بورڈ میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
اسی طرح علی گڑھ گرلز ہائر سیکنڈری سکول، کہروڑ پکا کی طالبہ فائقہ محبوب نے 1188 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی اور اپنی شاندار کامیابی سے ضلع لودھراں کا وقار بلند کیا۔نتائج کے اعلان کے بعد طالبات، ان کے والدین، اساتذہ اورتعلیمی اداروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ تعلیمی و سماجی حلقوں نے دونوں طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کامیابی کو دنیاپوراورضلع لودھراں کے لیے اعزازقراردیا۔ انہوں نےامید ظاہر کی کہ یہ ہونہار طالبات مستقبل میں بھی اپنی محنت، صلاحیت اور لگن کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کریں گی۔








