"وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس لائنز نوشہرہ کا دورہ کیا، یادگارِ شہدائے پولیس پر حاضری دی اور وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہدا کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔”
خیبرپختونخوا پولیس کے شہداءکے امن نے بے شمار قربانیاں دی ہیں،میاں محمد عمر

مزید خبریں
پشاور۔ 05 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس لائنز نوشہرہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگارِ شہدائے پولیس پر حاضری دی اور وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مشیر زراعت نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادرچڑھائی اور سلامی پیش کی، فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجاتِ بلندی، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ سونیا شمروز خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد عمر نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء نے امن، قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس نے دہشت گردی، جرائم اور امن دشمن عناصر کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بہادری، فرض شناسی اور حب الوطنی کی ایسی تاریخ رقم کی ہے جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہداء پوری قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت آج ملک میں امن و استحکام کا قیام ممکن ہوا ہے۔ عوام کی خدمت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گے۔مشیر زراعت نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت شہداء کی لازوال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کا صبر، استقامت اور حوصلہ بھی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور حکومت ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختو نخوا پولیس کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور ان کے عظیم خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت، احترام اور فخر کے ساتھ یاد رکھے گی۔







