نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا اردن کا دورہ، یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت، فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا اردن کا دورہ، یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت، فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 5 اگست کو عمان(اردن ) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اپنے خطاب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور اسرائیل کے غیر قانونی قبضے، غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور القدس الشریف کی تاریخی و قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے القدس میں مسلم اور مسیحی مقدس مقامات پر ہاشمی سرپرستی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن صرف ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام سے ہی ممکن ہے جو 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔وزارتی اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ و تارکین وطن ایمن الصفدی، الجزائر، صومالیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ سے مفید دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔
انہوں نے سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ آر-4 اجلاس میں بھی شرکت کی۔اردن کے دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شریک دیگر معزز شخصیات کے ہمراہ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے بھی مشترکہ ملاقات کی۔پاکستان فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ، دیرپا اور جامع دو ریاستی حل کے فروغ کے لیے اردن، اپنے عرب و اسلامی شراکت داروں اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔







