وزیراعظم شہباز شریف اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کریں گے، میری وزارت سمیت تمام وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کراکے رپورٹس پبلک کی جائیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی میڈیا سے گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کریں گے، میری وزارت سمیت تمام وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کراکے رپورٹس پبلک کی جائیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام سرکاری وزارتوں کی کارکردگی کی جانچ کے لیے تھرڈ پارٹی ایویلیویشن (آڈٹ) کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹس عوام کے سامنے پیش کی جائیں تاکہ سب کو معلوم ہو سکے کہ کون سی وزارت کتنی کارکردگی دکھا رہی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے اپنی پرفارمنس سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کے حوالے سے صرف وزیراعظم کو جوابدہ ہیں۔ کابینہ اجلاسوں میں عدم شرکت کے تاثر کو رد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاسوں میں ان کی حاضری تقریباً 70 فیصد کے قریب ہے۔

نظام کی خرابی کے حوالے سے اپنے سابقہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ وہ آج بھی اپنے بیان پر قائم ہیں تاہم یہ خرابی گزشتہ 80 سال سے چلی آ رہی ہے۔ انہوں نے اس تاثر کی نفی کی کہ انہوں نے موجودہ حکومت کو چارج شیٹ کیا ہے اور کہا کہ میں خود حکومت کا حصہ ہوں، اپنے آپ کو کیسے چارج شیٹ کر سکتا ہوں؟۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم روزانہ 14 سے 16 گھنٹے کام کرتے ہیں۔ اگر انہیں ایک بہتر انتظامی نظام مل جاتا تو ملک سو گنا زیادہ تیزی سے ترقی کرتا۔

اس کے باوجود موجودہ حالات میں بھی ایف بی آر کی وصولیوں میں اضافہ، سفارتی کامیابیوں اور اصلاحات کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ کچھ عناصر کی یہ خواہش ہے کہ ان کے اور وزیراعظم کے درمیان تعلقات خراب ہوں لیکن وہ ناکام رہیں گے۔ حکومت کے مستقبل سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بطور وزیراعظم اپنی 5 سالہ آئینی مدت لازمی پوری کریں گے۔