پی ٹی اے کا ٹک ٹاک کے تعاون سے کمیونٹی گائیڈ لائنز ورکشاپ کا انعقاد،مقررین کا ذمہ دارڈیجیٹل ماحول یقینی بنانے کیلئے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور

پی ٹی اے کا ٹک ٹاک کے تعاون سے کمیونٹی گائیڈ لائنز ورکشاپ کا انعقاد،مقررین کا ذمہ دارڈیجیٹل ماحول یقینی بنانے کیلئے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹک ٹاک کے تعاون سے کامیابی کے ساتھ "کمیونٹی گائیڈ لائنز ٹریننگ ورکشاپ” کا انعقاد کیا۔ورکشاپ میں پی ٹی اے کے سینئر حکام، متعلقہ سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور ڈیجیٹل سیکٹر کے نمائندوں سمیت 100 سے زائد افرادنے شرکت کی۔ورکشاپ کے دوران ٹک ٹاک کی ‘ٹرسٹ اینڈ سیفٹی’ ٹیم کے ماہرین نے پلیٹ فارم کی کمیونٹی گائیڈ لائنز، مواد کی نگرانی کے فریم ورک، رپورٹنگ کے طریقہ کار اور صارفین کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی تربیتی سیشن فراہم کیا۔

اس تربیت نے شرکاء کو ٹک ٹاک کی پالیسیوں اور ایک محفوظ و ذمہ دارانہ آن لائن ماحول کے فروغ کے لیے پلیٹ فارم کے طریقہ کار کو سمجھنے میں مدد دی۔چیئرمین پی ٹی اے ایئر مارشل (ر) حفیظ الرحمن نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایک محفوظ، قابلِ اعتماد اور ذمہ دار ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ریگولیٹرز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مسلسل تعاون ضروری ہے۔

یہ ورکشاپ پی ٹی اے، ٹک ٹاک اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو آن لائن حفاظت، ذمہ دارانہ ڈیجیٹل سرگرمیوں اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو درپیش جدید چیلنجز پر تبادلۂ خیال کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ یہ اقدام ڈیجیٹل لٹریسی کو فروغ دینے، آن لائن تحفظ کو بہتر بنانے اور پاکستان میں ایک محفوظ و شمولیت پر مبنی ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل کے لیے پی ٹی اے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔