جنوبی افریقہ کے خلاف فیصل آباد میں سیریز کی کامیابی سے قومی ٹیم کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، شاہین شاہ آفریدی

راولپنڈی۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف فیصل آباد میں سیریز کی کامیابی سے قومی ٹیم کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور کھلاڑی اب سری لنکا کے خلاف آنے والی سیریز میں جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ …

راولپنڈی۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف فیصل آباد میں سیریز کی کامیابی سے قومی ٹیم کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور کھلاڑی اب سری لنکا کے خلاف آنے والی سیریز میں جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بطور ون ڈے کپتان ان کی پہلی سیریز جنوبی افریقہ کے خلاف تھی جہاں ٹیم نے مختلف حالات میں جس جذبے، اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا ٹیم ورک شاندار رہا جس نے ڈریسنگ روم کے ماحول کو مثبت سمت دی۔ کپتان نے کہا کہ ٹیم کی پوری توجہ اس وقت کارکردگی میں تسلسل اور ہر شعبے میں بہتری لانے پر ہے تاکہ پاکستان ٹیم مجموعی طور پر مزید مضبوط بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا ایک متوازن اور منظم ٹیم ہے جو ہمیشہ اپنے مخالفین کے لیے سخت چیلنج ثابت ہوتی ہے ،اس لیے قومی ٹیم کو اس کے خلاف سمارٹ کرکٹ کھیلنی ہو گی، اپنے منصوبوں پر کاربند رہنا ہو گا اور مثبت رویہ برقرار رکھنا ہو گا۔ شاہین آفریدی نے کہا کہ قومی ٹیم کا ہدف مستقل ترقی ہے اور وہ شائقین کو ایسی کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں جس پر پوری قوم فخر محسوس کرے۔ واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی بطور کپتان یہ دوسری ون ڈے سیریز ہے، ان کی قیادت میں پاکستان نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کو تین میچوں کی سیریز میں دو ایک سے شکست دی تھی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز (کل) بروز منگل سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 157 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 93 میں پاکستان جبکہ 59 میں سری لنکا کو کامیابی ملی، ایک میچ ٹائی اور چار بے نتیجہ رہے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک دو ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں جن میں ایک میں پاکستان اور ایک میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی تھی۔

 

مزید خبریں