لندن ۔19فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی (آئی ٹی آئی اے) نےطویل تحقیقات کے بعد جنوبی امریکاسے تعلق رکھنے والے تین ٹینس کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کے الزامات سے مکمل طور پر بری کر دیا ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق پیرو کے کونر ہورٹاس ڈیل پینو، برازیل کے میٹیو بیریروس ریئس اور کولمبیا کے اینڈریس اوریا اب اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا دوبارہ آغاز کر سکیں گے۔ ان …
جنوبی امریکی ٹینس کھلاڑی ڈوپنگ تحقیقات کے بعد کلیئر قرار
لندن ۔19فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی (آئی ٹی آئی اے) نےطویل تحقیقات کے بعد جنوبی امریکاسے تعلق رکھنے والے تین ٹینس کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کے الزامات سے مکمل طور پر بری کر دیا ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق پیرو کے کونر ہورٹاس ڈیل پینو، برازیل کے میٹیو بیریروس ریئس اور کولمبیا کے اینڈریس اوریا اب اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا دوبارہ آغاز کر سکیں گے۔
ان کھلاڑیوں پر گزشتہ سال مئی میں کولمبیا کے شہر بوگوٹا میں ایک ایونٹ کے دوران ممنوعہ اینابولک سٹیرائڈ بولڈینون کے استعمال کا الزام لگا تھا جس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں یہ ثابت ہوا ہے کہ کھلاڑیوں نے جان بوجھ کر کسی ممنوعہ دوا کا استعمال نہیں کیا تھا بلکہ انہوں نے غیر ارادی طور پر (آلودہ )گوشت کھایا تھا جس میں یہ مادہ پہلے سے موجود تھا۔
کھلاڑیوں نے اپنے دفاع میں تفصیلی رسیدیں اور دستاویزی ثبوت پیش کیے جن میں اس گوشت کے ذرائع کی نشاندہی کی گئی تھی جو انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران استعمال کیا تھا۔ آئی ٹی آئی اے نے کھلاڑیوں کے فراہم کردہ شواہد کو درست تسلیم کرتے ہوئے انہیں کلین چٹ دے دی ہے، جس کے بعد ان پر لگی عارضی پابندی فوری طور پر ختم کر دی گئی ہے۔









