جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ میں جاپانی قرارداد منظور

ٹیگرے میں خوراک کی شدید قلت کا خطرہ ہے، اریٹیریا کی افواج علاقے سے نکل جائیں ، اقوام متحدہ
ٹیگرے میں خوراک کی شدید قلت کا خطرہ ہے، اریٹیریا کی افواج علاقے سے نکل جائیں ، اقوام متحدہ

نیویارک ۔ 14 دسمبر (اے پی پی) جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جاپان کی سرپرستی میں پیش کی گئی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔ اسمبلی میں ووٹ دینے کا حق رکھنے والے 180 سے زیادہ ممالک میں سے 160ملکوں نے گزشتہ روز اس قرارداد کی منظوری دی۔ قرارداد کو جوہری ہتھیاروں کی تخفیف سے متعلق معاملات سے نمٹنے والی اسمبلی کی اول کمیٹی نے گزشتہ ماہ منظور کیا تھا۔جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک میں برطانیہ اور فرانس نے قرارداد کی حمایت کی جبکہ روس اور چین نے اس کی مخالفت کی۔ جاپان کا اتحادی ملک امریکہ اجلاس سے غیر حاضر رہا۔قرارداد میں دنیا بھر کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی غرض سے بین الاقوامی برادری کے لیے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ جوہری ممالک پر ان کی جوہری پالیسی کے حوالے سے شفافیت اور باہمی اعتماد میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس میں تمام ملکوں سے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے مذاکرات میں مدد فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔واضح رہے کہ جوہری بمباری کا نشانہ بننے والا دنیا کا واحد ملک جاپان اس قرارداد کو بنیاد بناتے ہوئے، جوہری اور غیر جوہری ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔