"منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان نے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی بروقت نکاسی اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری تعینات ہے۔”
جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری، بارش کے پیشِ نظر واسا ہائی الرٹ ہے، ایم ڈی واسا

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 31 جولائی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان نے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری تعینات ہے۔
لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ اور صادق آباد کے نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری تعینات ہے۔نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سیدپور میں 67 ملی میٹر، گولڑہ میں 51 ملی میٹر، بوکرہ میں 41 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 63 ملی میٹر، شمس آباد میں 71 ملی میٹر، کچہری میں 103 ملی میٹر، پیرودھائی میں 60 ملی میٹر جبکہ نیو کٹاریاں میں 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان واسا نے کہا کہ ایم ڈی واسا کی ہدایت پر فیلڈ افسران نکاسیٔ آب کے کام کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ واسا شہریوں سے اپیل کرتا ہے کہ نالوں اور گٹروں میں کچرا نہ پھینکیں اور گٹروں کے ڈھکن نہ کھولیں تاکہ نکاسیٔ آب کا نظام بلا تعطل جاری رہے۔شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر واسا ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔








