اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے لیے آپریشنل تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت پروازوں کے حتمی شیڈول کا اعلان 15 مارچ 2026 تک متوقع ہے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی خصوصی ہدایت پر عازمین کی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات تیز کر دئیے گئے ہیں۔رواں سال …
حج آپریشن فلائٹ شیڈول کا اعلان 15 مارچ کو متوقع، ایک لاکھ 80 ہزار عازمین کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل،پہلی بار 870 خدام الحجاج کی جدید خطوط پر تربیت مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے لیے آپریشنل تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت پروازوں کے حتمی شیڈول کا اعلان 15 مارچ 2026 تک متوقع ہے ۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی خصوصی ہدایت پر عازمین کی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات تیز کر دئیے گئے ہیں۔رواں سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے جن میں سرکاری حج سکیم کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار عازمین اورپرائیویٹ حج سکیم کے تحت 60 ہزار عازمین شامل ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت جانے والے ایک لاکھ 20 ہزار عازمین حج کی تربیت کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ اس جامع تربیتی پروگرام میں عازمین کو پاکستان سے روانگی، مناسکِ حج کی ادائیگی اور واپسی تک کے تمام مراحل کی عملی تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ ارکانِ حج کی ادائیگی کے دوران کسی دشواری کا شکار نہ ہوں۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے مسابقتی عمل کے ذریعے کامیاب ہونے والے 870 خدام الحجاج کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی گئی ہے۔
ان خدام الحجاج کو انسانی جانیں بچانے، ہجوم کو قابو کرنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔حج آپریشن شروع ہونے سے ایک ہفتہ قبل ان تمام خدام کو ایک "سپیشلائزڈ ٹریننگ” بھی دی جائے گی۔اس اقدام کا بنیادی مقصد خدام کو پاکستان سے ہی مکمل طور پر تیار کر کے سعودی عرب بھیجنا ہے تاکہ وہ وہاں پہنچتے ہی بغیر کسی تاخیر کے عازمین کی خدمت کا آغاز کر سکیں۔
یاد رہے کہ وزارت نے عازمین کی رہنمائی اور شکایات کے لیے پہلے ہی گریوینس سیل اور ہیلپ لائن نمبرز (051-9205696 ) فعال کر دئیے ہیں، جہاں حج 2026 سے متعلق تمام معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔وزارتِ مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال کا حج آپریشن ماضی کے مقابلے میں زیادہ منظم اور ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ ہوگا، جس کی نگرانی خود وفاقی وزیر کر رہے ہیں۔








