وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپوزیشن کو ایک بار پھرمذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ کتنا جلد تعمیری بات چیت کےلئے تیار ہوتی ہے ، پاکستان کی معاشی ترقی اور جمہوریت کو تقویت دینے کےلئے معاملات کو بیٹھ کر طے کرنا ہوگا۔
وزیراعظم کی اپوزیشن کو ایک بار پھرمذاکرات کی پیش کش، ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی خوش آئند ،آئندہ دنوں میں صورتحال بہتر ہوگی ، شہباز شریف
اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپوزیشن کو ایک بار پھرمذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ کتنا جلد تعمیری بات چیت کےلئے تیار ہوتی ہے ، پاکستان کی معاشی ترقی اور جمہوریت کو تقویت دینے کےلئے معاملات کو بیٹھ کر طے کرنا ہوگا۔جمعرات کو یہاں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزارت پٹرولیم کی کاوشوں سے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی کی ہے جو خوش آئند ہے، حکومت عام آدمی کو جہاں سے بھی ممکن ہوگا بچت کرکے ریلیف دے گی۔ انہوں نے کہا کہ خلیج اور آبنائے ہرمز میں جو صورتحال ہے اس کی وجہ سے نہ صرف پٹرولیم کی سپلائی میں مشکلات ہیں بلکہ کئی ممالک کی اپنی ریفائنریز اور گیس کے پلانٹ بند پڑے ہیں ، پورا خطہ بڑی مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے ، پاکستان بھی اس کا شکار ہے کیونکہ ہمارا ملک توانائی کا بڑا خریدار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے جنگ شروع ہوتے ہی پی ایس ڈی پی پر کٹ لگا کر 128ارب روپے فراہم کئے تھے تاکہ عوام کویکدم آسمان سے باتیں کرتی پٹرولیم کی قیمتوں سے بچایا جاسکے، حکومت نے عام آدمی کو بچانے کےلئے فوری اقدامات کئے ، صوبوں نے بھی اس میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ دنوں میں صورتحال بہتر ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاوشیں رنگ لائیں گی ، ہم کوشش کررہے ہیں کہ کشیدگی میں کمی آئے ، حکومت نے اڑھائی سال میں معیشت کی بہتری کےلئے جو اقدامات کئے ہیں اس کے اثرات آہستہ آہستہ سامنے آرہے ہیں ، امن کی صورتحال کا معمول پر آنا اس کےلئے ضروری ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نے کل ریٹیلرز کےلئے ایپ کاآغاز کیا ہے اس سے امید ہے کہ تاجر برادری جن کی مشاورت سے اقدامات کئے گئے ہیں مطمئن ہوگی ، ایف بی آر کو واضح ہدایات دی ہیں کہ تاجروں کی مشاورت سے منصوبہ بندی کی جائے اور انہیں اگرکسی نے تنگ کرنے کی کوشش کی تو وہ سزا کےلئے تیار رہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں وزیرخزانہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ تاجروں کےلئے پہلی بار حکومت ایک اچھی سکیم لے کر آئی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، جولائی 2026میں اس میں 18فیصد اضافہ ہوا ، یہ بہت بڑی کامیابی ہے جس کےلئے میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ گوگل کا ایک وفد پاکستان آیا ہوا ہے جس سے دو دن پہلے ملاقات ہوئی تھی ، گوگل کے پاکستان میں دفتر کا افتتاح ہوگیا ہے، حکومت ہر شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کےلئے اقدامات کررہی ہے، گورننس کا سارا نظام ڈیجیٹل ہونا چاہئے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ بامقصد بات چیت کےلئے تیار ہے،قومی اسمبلی میں بھی میں نے اس کی پیش کش کی تھی اور کابینہ میں بھی اور آج پھر یہ بات دہرانا چاہتا ہوں کہ ہم تیار ہیں اور اس فورم سے اپوزیشن کو پیش کش کرتا ہوں کہ وہ آئیں اور بیٹھ کر بات کریں ، معاملات کو بات چیت سے طے کریں تاکہ پاکستان کی معاشی ترقی او ر جمہوریت کو تقویت دے سکیں لیکن تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے اب اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ کتنا جلد تعمیری بات چیت کےلئے تیار ہوتے ہیں








