حج سیزن 2026 کی تیاریوں کے حوالے سے مکہ پرمٹ پر عملدر آمد شروع

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے حج سیزن 2026 کی تیاریوں کے حوالے سے 13 اپریل سے مکہ پرمٹ پر عملدر آمد کا آغاز کر دیا ہے۔

ریاض۔13اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے حج سیزن 2026 کی تیاریوں کے حوالے سے 13 اپریل سے مکہ پرمٹ پر عملدر آمد کا آغاز کر دیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے لازمی پرمٹ کے اجرا کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ وزارت نے ان افراد کو ہدایت کی، جن کے اقامہ مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ ہیں اور وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے مکہ یا مشاعر مقدسہ میں جاتے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ رواں حج سیزن کے لیے مکہ پرمٹ کے اجرا کے لیے’’ابشر‘‘ یا’’مقیم ‘‘ پلیٹ فارم پر درخواست جمع کرائیں، جس کا جائزہ لینے کے بعد ڈیجیٹل پرمٹ جاری کر دیا جائے گا۔ وزارت نے پرمٹ کے لیے یونیفائیڈ پورٹل ’’منصبہ تصریح‘‘ بھی لانچ کیا ہے، جس کے ذریعے مکہ و مشاعر مقدسہ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ حج ویزہ ہولڈر کے علاوہ کسی کو بھی 18 اپریل سے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے یا وہاں قیام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حج ویزا ہولڈر کے علاوہ دیگر وزٹ یا دیگر قسم کے عارضی ویزا رکھنے والے کا اس مدت کے بعد مکہ مکرمہ میں قیام غیر قانونی تصور ہو گا۔ عمرہ ویزا ہولڈرز کے لیے وزارت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 18 اپریل تک اپنے ممالک کو روانہ ہو جائیں۔