وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کی درخواستوں اور واجبات کی پہلی قسط کی وصولی کے لیے ’’حج پورٹل‘‘ کا افتتاح کر دیا۔
حج 2027 کی درخواستوں اور واجبات کی پہلی قسط کی وصولی کے لئے ’’حج پورٹل‘‘ کا افتتاح

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کی درخواستوں اور واجبات کی پہلی قسط کی وصولی کے لئے ’’حج پورٹل‘‘ کا افتتاح کردیا ۔ پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر حج کوٹہ مکمل ہونے تک درخواستوں کی وصولی جاری رہے گی ۔
حج اخراجات کی پہلی قسط درخواست کے ساتھ جمع ہوگی ۔ منگل کو وزارت مذہبی امور میں حج پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج ہم حج 2027 کے ایک انتہائی اہم مرحلے کا آغاز کر رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وزارت مذہبی امور نے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج کے پورے نظام کو اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائز کرنے کا عمل شروع کیا جس کا بنیادی مقصد عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولت، شفافیت اور آسانی فراہم کرنا ہے۔اس ڈیجیٹل نظام کے تحت چار لاکھ سے زائد افراد نے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کی۔ یہ پاکستان میں حج انتظامات کی ڈیجیٹلائزیشن کی طرف ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی عمل کے اگلے مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے جس کے تحت رجسٹرڈ عازمین حج اپنی درخواست مکمل کرنے کے ساتھ حج واجبات کی پہلی قسط بھی ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے گھر بیٹھے ادا کر سکیں گے۔ہم نے کوشش کی ہے کہ عازمین کو بینکوں کی لمبی قطاروں، غیر ضروری سفر اور کاغذی کارروائی سے نجات ملے۔ پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے عازمین کو درخواست سے لے کر ادائیگی تک چند کلک پر ایک آسان اور محفوظ ڈیجیٹل سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج 2027 کے سرکاری حج سکیم کے لیے ایک لاکھ سات ہزار پانچ سو چھبیس نشستیں مختص ہیں جبکہ عازمین کا انتخاب پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔میری تمام رجسٹرڈ عازمین سے گزارش ہے کہ وہ اس مرحلے کو سنجیدگی سے مکمل کریں، مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی درخواست جمع کرائیں اور پہلی قسط بروقت ادا کریں۔ہم وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق حج انتظامات کو مزید آسان، شفاف اور جدید بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کا ہر عازم حج اپنے گھر سے ہی زیادہ سے زیادہ مراحل مکمل کر سکے اور اسے کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ان شاء اللہ یہ ڈیجیٹل نظام حج انتظامات میں ایک نئے اور بہتر دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ قبل ازیں متعلقہ حکام کی طرف سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ حج مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے وزارت مذہبی امور سمیت متعلقہ ادارے منسلک ہیں۔ حج مینجمنٹ سسٹم میں حبیب بینک، پاسپورٹ آفس اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل بھی منسلک ہیں۔ حج درخواست کے آغاز کے لیے پہلے درخواست گذار کو اپنا اکائونٹ بنانا ہوگا۔ عازمین ای میل، موبائل نمبر یا شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے لاگ ان کر سکیں گے۔درخواست میں روانگی کا شہر اور حج پیکیج اسکیم کا انتخاب کیا جائے گا۔عازمین کو ذاتی معلومات، رابطے کی تفصیلات، قریبی عزیز اور آئی پن بھی درج کرنا ہوگا۔درخواست کے دوران پاسپورٹ سائز تصویر اور دیگر ضروری دستاویزات اپ لوڈ کی جائیں گی۔شناختی کارڈ نمبر درج کرنے پر پاسپورٹ آفس کے نظام سے پاسپورٹ ریکارڈ حاصل کیا جا سکے گا۔پاسپورٹ کی تفصیلات تصدیق کے بعد درخواست میں خودکار طور پر شامل ہو جائیں گی۔پاسپورٹ کی بائیو پیج تصویر اپ لوڈ کرنے پر سسٹم پاسپورٹ ریکارڈ سے تفصیلات کی تصدیق کرے گا۔ خاندان یا گروپ کے ساتھ سفر کرنے والے افراد اپنی درخواستیں ایک گروپ میں شامل کر سکیں گے۔ادائیگی ون لنک، پیس آئی ڈی، کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے کی جا سکے گی۔ڈیجیٹل چالان کے ذریعے اے ٹی ایم یا بینک برانچ سے بھی ادائیگی کی سہولت دستیاب ہوگی۔درخواست مکمل ہونے کے بعد ٹریکر کے ذریعے درخواست اور ادائیگی کی معلومات دیکھی جا سکیں گی۔حج مینجمنٹ سسٹم آسان درخواست، شفاف عمل اور حج سفر کے لیے مکمل ڈیجیٹل حل فراہم کرے گا۔








