کراچی میں 9 محرم کا مرکزی ماتمی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر
حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی امتِ مسلمہ کا لازوال سرمایہ ہے،وزیر اعلیٰ سندھ

مزید خبریں
کراچی۔ 25 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلام اس حسین پر جس نے دین محمدﷺ کی سربلندی اور اسلام کی بقا ء کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔
جمعرات کووزیر اعلی ہائوس سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کربلا کی تپتی ریت پر لکھی گئی قربانی، صبر، استقامت اور وفا کی داستان قیامت تک انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی امتِ مسلمہ کا لازوال سرمایہ ہے۔ نواسہ رسول ﷺنے باطل کے سامنے سر جھکانے کے بجائے سر کٹانا قبول کیا اور اپنے خون سے اسلام کی آبیاری کرتے ہوئے حق اور انصاف کا پرچم ہمیشہ کے لیے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عاشورہ ہمیں عزت، غیرت، صبر، استقامت اور باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کربلا کا ہر شہید وفا، ایثار اور قربانی کی زندہ تفسیر ہے جبکہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت نے انسانیت کو ظلم اور جبر کے خلاف آواز بلند کرنے کا حوصلہ عطا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی دنیا کے مظلوموں کو کربلا سے امید، حوصلہ اور استقامت کا پیغام ملتا ہے اور حسینیت انسانیت، عدل، حریت اور کردار کی سربلندی کا استعارہ ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یومِ عاشورہ کے موقع پر شہدائے کربلا کی یاد میں ہر دل سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ رہتی دنیا تک حق و باطل کی پہچان اور حق و انصاف کے لیے جدوجہد کی علامت ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے امتِ مسلمہ کو یہ پیغام دیا کہ حق کی خاطر ہر قربانی چھوٹی ہے اور ظلم و جبر کے سامنے خاموش رہنا اہلِ حق کا شیوہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی دھرتی نے ہمیشہ اہلِ بیت سے محبت اور عقیدت کو اپنی پہچان بنایا ہے جبکہ سندھ کے صوفیا نے کربلا کے پیغامِ عشق، وفا اور قربانی کو نسل در نسل منتقل کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے کلام میں بھی کربلا کا درد اور حضرت امام حسینؓ سے محبت نمایاں طور پر جھلکتی ہے اور ’’یا حسین ‘‘کی صدا آج بھی مظلوم انسانیت کے دلوں کی دھڑکن بنی ہوئی ہے۔ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ یومِ عاشورہ کے موقع پر سندھ بھر میں مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور سندھ حکومت عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات اور پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ربِ کائنات ہمیں حضرت امام حسینؓ اور اہلِ بیت کی تعلیمات پر عمل کرنے اور ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔








