راولپنڈی ۔ 19 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین کسی ایک مسلک کے نہیں بلکہ تمام مسالکِ کے امام ہیں، امام عالی مقام کی قربانی کی کوئی نظیر اور اس طرح کا کوئی بھی اور واقعہ تاریخ میں نہیں ملتا۔یہ بات انھوں نے انجمن عالمی تحریک پنجتن پاک اور پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام محرم الحرام کے سلسلے میں …
حضرت امام حسین کسی ایک مسلک کے نہیں بلکہ تمام مسالک کے امام ہیں، وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری کا شہادت حضرت امام حسین کانفرنس سے خطاب

مزید خبریں
راولپنڈی ۔ 19 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین کسی ایک مسلک کے نہیں بلکہ تمام مسالکِ کے امام ہیں، امام عالی مقام کی قربانی کی کوئی نظیر اور اس طرح کا کوئی بھی اور واقعہ تاریخ میں نہیں ملتا۔یہ بات انھوں نے انجمن عالمی تحریک پنجتن پاک اور پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام محرم الحرام کے سلسلے میں تیرہویں سالانہ شہادت حضرت امام حسین علیہ السلام وبقائے پاکستان کانفرنس میں بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس کی صدارت صاحبزادہ پیر عظمت اللہ سلطان نے کی۔پیرنورالحق قادری نے کہا کہ حضرت امام حسین کی اس لازوال قربانی کا مقصد حکومت یا اختیارات کا لالچ نہیں تھا بلکہ انہوں نے اسلام کے لئے قربانی دی۔ امام حسین نے درس دیا کہ جب تک دنیا باقی ہے دنیا ان کی شجاعت اور بہادری کو ہمیشہ یاد رکھے گی جہاں لوگ ظلم کے خلاف کھڑے ہوں وہ کربلا ہے چاہے وہ فلسطین ہو یاکشمیر ہو۔ سری نگر آج کا کربلا ہے کشمیری اور فلسطینی امام حسین کی طرح ظلم کے خلاف کھڑے ہیں یہی کربلا ہے۔امام حسین نے اسلام کے اصولوں کی خاطر قربانی دینے کا درس دیا، رہتی دنیا تک ذکر حسین ہوتا رہے گا۔انھوں نے مزیدکہا کہ ہمارے علماءکا فرض ہے کہ وطن عزیز کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ہمارے علماءمل بیٹھ کر سوچیں کہ ہم وطن عزیز کو کیسے پر امن بناسکتے ہیں۔کانفرنس سے پیر عظمت اللہ سلطان، پیرنقیب الرحمان اوردیگرمقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی بنیاد اسی کلمے پر رکھی گئی تھی جس کی سربلندی کیلئے امام عالی مقام حضرت حسین نے اپنے پورے خاندان کی قربانی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حضرت حسین کے ساتھ کم افراد تھے تاہم انہوں نے باطل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔مقررین نے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے پروزیراعظم عمران خان اور انکی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آ ج جس طرح مغرب اور یہودی لابی اسلام دشمنی میں ایک ہیں ہمیں بھی ملکر اتحاد امت سے ان عناصر کے سدباب کے لئے کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن کئی طرح سے ملکی سالمیت پر حملہ آور ہیں ہمیں بھی ملکر ان سازشوں کا سد باب کرنا ہے۔کرونا وبا کے دوران اور ملکی معاشی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات اور احساس پروگرام کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کے دور سے گزر رہا ہے۔مقررین نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں کہ پاکستان اسلامی فلاحی ریاست بن کر اور معاشی ترقی پاکر اسلام کا حقیقی قلعہ ثابت ہوگا۔انہوں نے زور دیا کہ آپس کے فروعی اختلافات بھلا کر قوم سیسہ پلائی دیوار بن جائے۔ کانفرنس سے نامور علماءکرام اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے خطاب کیا۔








