حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتاگنج بخش کے983 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا ۔ نائب وزیر اعظم پاکستان محمد اسحاق ڈار نے اتوار کی صبح مشیر وزیر اعلی پنجاب علی ڈار، صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یسین، صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبی شجاع الرحمن، چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کے ہمراہ رسم چادر …
حضرت داتاگنج بخش کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا

مزید خبریں
لاہور۔2اگست (اے پی پی):حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتاگنج بخش کے983 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا ۔ نائب وزیر اعظم پاکستان محمد اسحاق ڈار نے اتوار کی صبح مشیر وزیر اعلی پنجاب علی ڈار، صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یسین، صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبی شجاع الرحمن، چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کے ہمراہ رسم چادر پوشی سے عرس تقریبات اور سبیل دودھ کا افتتاح کیا۔ چیئر مین متحدہ علما بورڈ مفتی انتخاب احمد نوری، رکن پنجاب اسمبلی میاں مرغوب احمد، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
خطیب جامع مسجد داتا دربار علامہ مختار احمد ندیم، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور حافظ انیس الرحمن، طارق محمود جاوید، محمد یوسف سمیت دیگر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔خطیب جامع مسجد داتا دربار نے دعا کروائی۔ رسم چادر پوشی کے بعد سینٹر اسحاق ڈار نے داتا گنج بخش ، کاملاں را راہنما نامی تصنیف،سبیل دودھ اورلنگر کا افتتاح کیا۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات اور نیسپاک حکام نے ڈپٹی وزیر اعظم و دیگر شخصیات کو داتا دربار توسیعی منصوبہ کے حوالے سے سیر حاصل بریفنگ بھی دی ۔
سالانہ رسم چادر پوشی کے موقع پر زائرین کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ٹرپل سٹیپ اقدامات کئے گئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہمراہی میں داتا دربار کمپلیکس کی سرچنگ، اردگرد کی بلند و بالا عمارتوں پر مسلح پولیس اہلکاروں کی تعیناتی سمیت دیگر حوالوں سے معاملات کو سنبھالے رکھا۔ سالانہ عرس کی تقریبات کے پہلے روز عوام کے جم غفیر نے مزار حضرت داتا گنج بخش پر حاضری دینے، عقیدت کے پھول نچھاور کرنے اور چادریں پیش کرنے کا سلسلہ جاری رہا ۔








