حویلیاں سمیت خطہ ہزارہ کی ترقی میری ترجیحات میں شامل ہے،وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی

حویلیاں۔ 31 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے حویلیاں ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد کو عوام نے جلسے کی شکل دے دی، جس پر وہ حویلیاں کے عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حویلیاں ریلوے اسٹیشن ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے اور ان کا ذاتی تعلق بھی خطہ ہزارہ سے ہے، اسی لیے اس علاقے کی …

حویلیاں۔ 31 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے حویلیاں ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد کو عوام نے جلسے کی شکل دے دی، جس پر وہ حویلیاں کے عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حویلیاں ریلوے اسٹیشن ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے اور ان کا ذاتی تعلق بھی خطہ ہزارہ سے ہے، اسی لیے اس علاقے کی ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے مختصر وقت میں متعدد اہداف حاصل کیے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے لیے عوامی سہولت کے تحت چھ ریکس مختص کی گئی ہیں، جو پشاور سے کراچی کے درمیان چل رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہزارہ ایکسپریس میں نئی اور ریفریشڈ بوگیاں شامل کی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔حنیف عباسی نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کے ساٹھ اسٹیشنز کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جبکہ کراچی سے روہڑی تک چھ سو ارب روپے کی لاگت سے نیا ریلوے ٹریک تعمیر کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ روہڑی سے نوکنڈی تک ریلوے لائن کو چاغی کے معدنی وسائل سے منسلک کیا جائے گا، جس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا اور قازقستان، ترکمانستان سمیت دیگر وسط ایشیائی ممالک سے تجارتی روابط مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مسافر ٹرینوں اور مال بردار گاڑیوں کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور دسمبر کے مہینے میں پاکستان ریلوے نے دس ارب روپے کی ریکارڈ کمائی کی، جو ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے نے ایک کھرب روپے آمدن کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے حصول کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان میں کارکردگی کی سیاست کی بنیاد میاں نواز شریف نے رکھی۔ انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت مجاور نہ بنے اور وزیراعلیٰ کو ہیرو بننے یا اڈیالہ جیل کے باہر دھرنوں کے لیے منتخب نہیں کیا گیا بلکہ عوامی خدمت کے لیے مینڈیٹ دیا گیا ہے۔