اسلام آباد ۔ 5 نومبر (اے پی پی) حکومتی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی مارچ کو ختم کرانے کے لئے رہبرِ کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رکھا جائیگا، امید ہے جلد مسئلے کا حل تلاش کرلیا جائے گا، جب سیاسی لوگ مل بیٹھتے ہیں تو مسائل کا بہتر حل نکال لیتے ہیں، رہبر کمیٹی کے ساتھ ملاقاتوں …
حکومتی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ وزیر دفاع پرویز خٹک کا اکرم درانی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 5 نومبر (اے پی پی) حکومتی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی مارچ کو ختم کرانے کے لئے رہبرِ کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رکھا جائیگا، امید ہے جلد مسئلے کا حل تلاش کرلیا جائے گا، جب سیاسی لوگ مل بیٹھتے ہیں تو مسائل کا بہتر حل نکال لیتے ہیں، رہبر کمیٹی کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم خان درانی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حکومتی وفد کے اراکین چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سیپکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وزیر تعلیم شفقت محمود، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین اسد عمر اور رہبر کمیٹی کے ممبران وہاں موجود تھے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارا اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی سے ملاقاتوں کا سلسلہ احتجاج کے مقام کو متعین کرنے سے شروع ہوا جو خوش اسلوبی سے جاری ہے۔ امید ہے جلد مسئلے کا ایسا حل نکل آئے گا جس سے اپوزیشن جماعتوں اور حکومت دونوں کا بھرم برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ رہبر کمیٹی کی طرف سے جو مطالبات پیش کئے گئے وہ ہم نے پارٹی قیادت کے سامنے رکھے اور ان کو بھی اپنی سفارشات پیش کی ہیں۔ اس موقع پر اکرم خان درانی نے کہا کہ رہبر کمیٹی کی طرف سے احتجاجی مارچ ختم کرنے کے لئے چار مطالبات پیش کئے گئے جس پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔حکومت سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ قبل ازیں حکومتی وفد اور رہبر کمیٹی کے درمیان احتجاجی کو ختم کرنے کے حوالے سے مذاکرات ہوئے جس میں رہبرِ کمیٹی کے ممبران سینیٹر میر طاہر بزنجو، احسن اقبال، امیر مقام، میاں افتخار حسین، فرحت اللہ بابر، سید نیئر حسین بخاری، شاہ اویس نورانی اور شفیق پسروری سمیت دیگر شریک ہوئے۔








