حکومت انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ہر شہری کے حقوق، آزادی اور وقار کے تحفظ و فروغ کے عزم کا اعادہ کرتی ہے،سینیٹراعظم نذیرتارڑ

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر حکومت ہر شہری کے حقوق، آزادی اور وقار کے تحفظ و فروغ کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ یہ عزم دستورِ پاکستان میں درج بنیادی حقوق اور ہمارے  بین الاقوامی فرائض، بالخصوص عالمی اعلامیۂ انسانی حقوق کے تحت مضبوط ہے۔ حکومت پاکستان برابری، انصاف اور …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر حکومت ہر شہری کے حقوق، آزادی اور وقار کے تحفظ و فروغ کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ یہ عزم دستورِ پاکستان میں درج بنیادی حقوق اور ہمارے  بین الاقوامی فرائض، بالخصوص عالمی اعلامیۂ انسانی حقوق کے تحت مضبوط ہے۔ حکومت پاکستان برابری، انصاف اور شمولیت کے اصولوں کو انسانی حقوق پر مبنی معاشرے کی بنیاد کے طور پر برقرار رکھتے ہوئے ان پر عمل پیرا ہے۔

منگل کو انسانی حقوق کے عالمی دن 2025 کے موقع پر جاری پیغام میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزارتِ انسانی حقوق، صوبائی حکومتوں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر شہریوں کے حقوق کے تحفظ، آگاہی کے فروغ اور انصاف تک سب کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کی اپنی تاریخی تقریر میں فرمایاکہ آپ آزاد ہیں؛ آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ اپنی مساجد میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات، جو عدل، رحم، مساوات اور احترامِ انسانیت پر زور دیتی ہیں، کی رہنمائی میں ہم ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے پرعزم ہیں جہاں ہر فرد وقار، آزادی اور احترام کے ساتھ زندگی گزار سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کے اداروں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے تسلسل اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، ہمیں آئندہ نسلوں کے لیے ایک ایسا پاکستان بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنا ہوگا جو انصاف، برابری اور شمولیت پر مبنی ہو۔ اللہ تعالیٰ ہمارے اس مشترکہ سفر کو کامیاب فرمائے اور ہمیں استقامت عطا کرے۔ آمین۔

مزید خبریں