حکومت اور پیپلز پارٹی نبی کریمؐ کی شان میں گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کرتی ہے،فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ مودی گجرات کا قصائی ہے ،پاکستان کی حکومت اور پیپلز پارٹی بی جے پی کی ترجمان کی طرف سے نبی کریمؐ کی شان میں گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کرتی ہے،اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم(او آئی سی)اور عالم اسلام آگے آئیں اور بھارت کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے،ہم اب اس طرح کی گستاخیاں اور برداشت نہیں کر سکتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں وفاقی وزیر شازیہ مری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مودی کی حکومت آنے پر پیپلزپارٹی نے اسے بری خبر قرار دیتے ہوئے اسے گجرات کا قصائی کہا تھا بھارت میں مودی سرکار مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کیلئے ظلم اور بر بریت کی علامت بن چکی ہے۔گجرات،اتر پردیس سمیت دیگر ریاستوں میں مسلمان عدائیوں کے ساتھ ساتھ اپنی اقلیتی قوم دلت اور شودروں کو بھی ظلم وستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔کشمیری عوام کی نسل کشی کیلئے باقاعدہ قانون بنا دیا۔جس طرح چاہیں ہندو اور بھارتی فوج ان کا قتل عام کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھارتی ظلم وجبر اور مودی کی طرف سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ بیان کے حوالے سے عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کیلئے خط لکھا ہے لیکن اب ایران،عراق سعودی عرب سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کو متحد ہوکر ٹھوس اقدام کرنا ہوں گے۔بعض ممالک نے بھارت کی مصنوعات اور دیگر حوالوں سے پابندیاں عائد کی ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بیرون ملک دوروں پر بعض لوگ تنقید کر رہے ہیں، وہ سن لیں کہ سابق عمرانی حکومت کی طرف سے ناکام خارجہ پالیسی سے جو نقصان پاکستان کو پہنچایا گیا اور مشکلات پیدا کی گئیں وہ انکو دور کرنے کیلئے دورے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ترکی سوئٹزرلینڈ امریکہ اور چین کے دورے پر گئے اور ملک کے موقف کو بیان کیا۔ان کے دوروں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔چین کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہو رہا ہے۔ قرضوں کے بارے میں جو ابہام تھے دور ہوئے ہیں۔بلاول ملک کیلئے دورے کر رہے ہیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ عمران کا اصلی چہرہ عوام پرظاہر ہو چکا ہے،ہم سمجھ رہے تھے کہ لانگ مارچ کی کوئی کال آئے گی لیکن وہ تو اب غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہوچکی ہے،عمران خان نے نیا یو ٹرن لیکر سکیورٹی خدشات کا بیانیہ شروع کر دیا ہے انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی ہے تو پھر اس طرح کا واویلا کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بابر اعوان نے ایک پریس کانفرنس میں ملک کی خوفناک صورتحال پیش کرنے کی کوشش کی۔ان کے بیان میں جھوٹ کے سوا کچھ نہیں اللہ کا شکر ہےکہ ملک مستحکم ہےاور ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہاہے۔انہوں کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ باز آجائیں ورنہ قانون اپنا راستہ بنائے گا۔

پی ٹی آئی کے ایک ایم این اے نے کہا کہ وہ خود کش حملہ کرنے کیلئے تیارہے اگر وہ اتنا ہی زندگی سے تنگ ہیں تو ان کو ویسے ہی جہاد پر بھیج دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرح عرف گوگی کی اب نئی ٹیپ سامنے آگئی ہےاور عمران خان ڈاکٹر عافیہ کا مقدمہ لڑنے کی بات کرتے تھے اس وقت وہ فرح گوگی کے وکیل بنے ہوئے ہیں۔اگر گوگی کا دمن صاف ہے تو آئے عدالتوں کا اور قانون کا سامنا کرے۔عمران کے اے ٹی ایم بند ہوچکے اب وہ پشاور میں پناہ لے کے بیٹھے ہیں اصل میں وہ کے پی کےحکومت کے سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی دوہرے معیار اختیار کئے ہوئے ہے۔ایک طرف کہتے ہیں استعفے دے دیئے ہیں دوسرے طرف مراعات اور تنخواہیں پوری کی پوری وصول کررہے ہیں ساتھ ہی ساتھ کہتے ہیں پنجاب میں ضمنی انتخابات میں حصہ بھی لیں گے۔اگر وہ سچے ہیں اور مستعفی ہو چکے ہیں تو آئیں سپیکر کی عدالت سے استعفے منظور کرائیں اور سرکاری گھروں کو خالی کریں۔گاڑیاں سرکارکو واپس کردیں، نہیں تو اسمبلی میں بیٹھیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سابقہ حکومت کے آئی ایم ایف سے کئے ہوئے معاہدوں کی وجہ سے کرنا پڑا۔اگر مذاکرات پر بھی بیٹھتے ہیں تو بھی ریلیف نہیں حاصل کر سکتے۔

حکومت کو مہنگائی بڑھنے کا مکمل ادرک ہے۔اس لیئے ٹارگٹڈ سب سڈی کیلئے 28 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک کروڑ 80لاکھ خاندانوں کواضافی دو ہزار روپے امداد دی جائے گی۔ان میں 80 لاکھ لوگ پہلے سے رجسٹرڈ ہیں تاہم 60 لاکھ لوگوں کو مزید رجسٹرڈ کیا جائے گا۔جس کیلئے خصوصی نمبر786جاری کیا گیا ہے۔

امداد کیلئے اس پر اپنا آئی ڈی کارڈ بھیجیں ۔جو لوگ فون نہیں رکھتے وہ کسی کے بھی نمبر سے آئی ڈی کارڈ بھیج سکتے ہیں۔لوگوں سے بھی درخواست ہے کہ وہ مستحق افرادکی ہیلپ کریں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ضمنی انتخاب میں بھر پور حصہ لے گی کہیں سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کریں گے کہیں امیدوار کھڑے کریں گے۔