کوئٹہ۔ 25 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان جانوروں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں کوئٹہ میونسپل انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کتوں اور بلیوں کو نہ مارا جائے اور نہ ہی جعلی یا غیر معیاری ویکسین استعمال کی جائیں بلکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق …
حکومت بلوچستان جانوروں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ۔ 25 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان جانوروں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں کوئٹہ میونسپل انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کتوں اور بلیوں کو نہ مارا جائے اور نہ ہی جعلی یا غیر معیاری ویکسین استعمال کی جائیں بلکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق TNVR (Trap, Neuter, Vaccinate & Release) طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ “پناہ کوئٹہ” کے تعاون سے کوئٹہ شہر میں آوارہ کتوں اور بلیوں کو محفوظ، انسانی اور سائنسی طریقے سے سنبھالنے کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد نہ صرف جانوروں کا تحفظ بلکہ شہریوں کو ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے ۔ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ آوارہ جانوروں کے مسئلے کا حل قتل یا تشدد نہیں بلکہ جدید، سائنسی اور انسانی طریقہ کار اپنانا ہے، جو مہذب معاشروں کی پہچان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جانوروں پر ظلم یا غیر انسانی سلوک کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور اس حوالے سے پالیسی پر عملدرآمد کو مؤثر اور مستقل بنایا جا رہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جانوروں کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات میں تعاون کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اب صرف انسانوں کے لیے نہیں بلکہ جانوروں کے لیے بھی ایک محفوظ صوبہ بنتا جا رہا ہے، جہاں فلاح، ہمدردی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔








